عراقی فوج کی موصل کے نواح میں داعش مخالف کارروائی

دوسال بعدصوبہ نینویٰ کے متعدد دیہات میں عراقی پرچم لہرا دیے گئے،عراقی فوج کابیان

جمعہ 25 مارچ 2016 20:07

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) عراق کی مسلح افواج نے شمالی شہر موصل کے نواح میں واقع علاقوں میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے خلاف بڑی کارروائی کا آغاز کردیا ۔انھیں امریکا کی قیادت میں اتحاد کی فضائی مدد حاصل ہے۔عراق کے سرکاری ٹیلی ویڑن سے نشر ہونے والے فوج کے ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ داعش کے جنگجوؤں کو متعدد دیہات سے پسپا کر دیا گیا ہے۔

عراقی حکومت داعش کے خلاف آپریشن کے پہلے مرحلے میں یہ کارروائی کررہی ہے۔ وہ اس سال کے دوران موصل کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانا چاہتی ہے۔عراقی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ صوبہ نینویٰ کو آزاد کرانے کے لیے آپریشن فتح کا پہلا مر حلہ شروع کردیا گیا ہے اور متعدد دیہات میں عراقی پرچم لہرا دیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

داعش نے موصل پر جون 2014ء سے قبضہ کررکھا ہے۔

اس وقت اس شہر کی آبادی قریباً بیس لاکھ نفوس پر مشتمل تھی۔عراق اور شام میں داعش کے زیر قبضہ یہ سب سے بڑا شہر ہے۔عراقی فوج پہلی مرتبہ ان کے خلاف اتنے بڑے پیمانے پر کارروائی کررہی ہے۔اس کو امریکا کی قیادت میں اتحاد کی فضائی قوت کے علاوہ اس کے فوجی مشیروں کی معاونت بھی حاصل ہے۔عراق کی مسلح افواج کی مشترکہ آپریشنز کمان کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل یحییٰ رسول نے سرکاری ٹی وی کو ایک بیان میں بتایا ہے کہ داعش کے خلاف اس کارروائی میں عراقی فورسز اور اتحادی فضائیہ دونوں کا نمایاں کردار ہے۔

متعلقہ عنوان :