دہشت گردی کیخلاف سمبڑیال پریس کلب میں تقریب

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 25 مارچ 2016 19:57

سمبڑیال(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 25 مارچ۔2015ء)مسلم لیگ (ن) کے مقامی راہنما و جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) تحصیل سمبڑیال حاجی محمد اسلم جنجوعہ ،عظمت اﷲ وڑائچ اور مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ حلقہ پی پی 131کے جنرل سیکرٹری سجاد سعید باجوہ نے پریس کلب سمبڑیال میں ملک میں جاری دہشت گردی کے حوالے سے مختلف کالجوں کے طلباء سمیت یوتھ ونگ کے کارکنوں کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں پر حکومت ارض وطن سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے حوالے سے دہشت گردوں کے خلاف برسر پیکار ہے وہاں پر پاک افواج اور سکیورٹی اداروں کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج پھر ہمیں دہشت گردی جیسا بڑا چیلنج درپیش ہے لیکن ہمیں یقین ہے کہ جس طرح پاکستان کا بچہ بچہ اس عفریب کے خلاف متحد ہوگیا ہے انشاء اﷲ ہم اسے شکست دے کر چھوڑیں گے اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی استحکام کیلئے امن ناگزیر ہے ہمیں دلوں سے نفرتیں ختم کرکے اپنی صفوں میں اتحاد کی فضاء قائم کرنی ہے تاکہ دشمن اس ملک کی طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھ سکیں ۔ اس موقع پر یوتھ ونگ کے کارکنوں سمیت مقامی لیگی رہنماؤں کی کثیر تعداد موجود تھی۔