انجینئروں ،ہنرمندوں کی بدولت 35برس پُرانے کارخانوں کی مرمت و دیکھ بھال کے کام قابل ستائش ہیں،سی ای او پاکستان اسٹیل

پاکستان سٹیل کے ا نجینئرز ،ہنرمند قیمتی سرمایہ ہیں، قابلیت ،صلاحیت سے خود انحصاری پالیسی کے تحت مرمت کے کام مکمل کئے، جنرل ظہیر احمد خان

جمعہ 25 مارچ 2016 18:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء ’’ملک کے واحد فولاد ساز ادارے پاکستان اسٹیل کے انجینئرز اور ہنرمند قیمتی سرمایہ ہیں، اِن انجینئروں اور ہنرمندوں نے اپنی قابلیت ، صلاحیت اور تجربے کی بدولت قومی ادارے کیلئے جو کام سرانجام دیئے ہیں وہ قابل ستائش ہیں‘‘۔ اِن خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان اسٹیل میجر جنرل (ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان، ہلال امتیاز(ملٹری) نے آج آپریشنز بلڈنگ میں ایک پُر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اِس تقریب میں سی ای او پاکستان اسٹیل نے4 آپریشنل یونٹس کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز / انچارجز کو قائم مقام ڈپٹی چیف انجینئر کے تقرری کے لیٹرز جاری کئے۔ تقرر نامے حاصل کرنے والوں میں سنٹرنگ پلانٹ کے انجینئر علی حسن ہکڑو، سی او بی پی پلانٹ کے انجینئر حامد حسین، ریفریکٹریز پلانٹ کے انجینئر عبدالحمید شیخ اور ایئر اسٹیم گیس اینڈ نیٹ ورک کے انجینئر نذیر احمد قاضی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان اسٹیل کے پرنسپل ایگزیکٹو آفیسر(پروڈکشن ڈائریکٹوریٹ) واصف محمود، قائمقام پرنسپل ایگزیکٹو آفیسر( ٹیکنیکل سروسز ڈائریکٹوریٹ) انجینئر کیپٹن (ر) شمسی حسن، قائمقام پرنسپل ایگزیکٹو آفیسر(اے اینڈ پی/ کمرشل ڈائریکٹوریٹ) انجینئر نصر ت اسلام بٹ، قائمقام پرنسپل ایگزیکٹو آفیسر( بی ایم آر اینڈ ای/ایچ آرڈی) انجینئر امتیاز الحسن شمسی اور ادارے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

سی ای او پاکستان اسٹیل جنرل ظہیر احمد خان نے مزید کہا کہ فراہمی گیس کے پریشر میں انتہائی کمی کے باعث پیداوار ی عمل معطل ہونے کے باوجود ادارے کے انجینئروں اور ہنرمندوں نے 35برس پُرانے کارخانوں کی خود انحصاری اور کفایت شعاری پالیسی کے تحت بڑے انہماک اور جوش و جذبے سے پلانٹ کی مرمت و دیکھ بھال کے کاموں کو اَحسن طریقے سے سرانجام دیا اور کروڑوں روپے کی بچت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیداواری عمل کی بحالی کے ساتھ اِن کارخانوں سے ادارے کی افرادی قوت بہترین نتائج دے گی۔

متعلقہ عنوان :