سندھ اسمبلی، کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے اجلاس بغیرکسی کارروائی کے اپریل تک ملتوی

جمعہ 25 مارچ 2016 18:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء ) سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے کسی کارروائی کے بغیر بدھ 6 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا ۔ اسمبلی کا اجلاس صبح 11 بجکر 5 منٹ پر اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں شروع ہوا ۔ اس وقت ایوان میں 13 ارکان موجود تھے ۔ ان میں پیپلز پارٹی کے 7 ، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے ایک ایک اور ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (فنکشنل) کے دو دو ارکان شامل تھے ۔

سینئر وزیر تعلیم و پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے کورم کی نشاندہی کی اور کہا کہ اجلاس چلانے کے لیے ارکان کی مطلوبہ تعداد موجود نہیں ہے ۔ اس موقع پر اسپیکر نے ارکان کی عدم موجودگی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سوا گھنٹے تک ارکان کا انتظار کیا مگر ارکان اسمبلی میں نہیں آئے ۔

(جاری ہے)

میں کئی بار اجلاس وقت پر شروع کرنے کی وارننگ دے چکا ہوں ۔

ارکان خود کہتے ہیں کہ کورم پورا نہ ہو تو اجلاس شروع نہ کیا جائے ۔ میری کوشش کے باوجود کہ اجلاس وقت پر شروع ہو لیکن کبھی وقت پر اجلاس نہیں ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ قانون کے مطابق اجلاس چلاتا ہوں ۔ پارلیمانی لیڈرز کو تو کم از کم مقررہ وقت پر اجلاس میں آنا چاہئے ۔ جب تک ارکان اجلاس میں نہیں آئیں گے ، میں اسی طرح اجلاس ملتوی کرتا رہوں گا ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اجلاس بدھ 6 اپریل تک ملتوی کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :