دینی مدارس کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،مدارس اور پاکستان کااستحکام لازم وملزوم ہے ،استحکام مدار س واستحکام پاکستان کانفرنس پاکستان اور مذہبی طبقات کے بہتر مستقبل کیلئے سنگ میل ثابت ہو گی ،قو م کانفرنس کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کرے

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا حنیف جالندھری ، ڈاکٹر عبدالرزاق اور دیگر کا اجتماعات سے خطاب

جمعہ 25 مارچ 2016 18:21

اسلام آباد /لاہور/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء ) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے کہاہے کہ دینی مدارس پاکستانی قوم کا مشترکہ اثاثہ ہے اور قوم ہمیشہ کی طرح ان اداروں کی خدمت کو اپنا دینی فریضہ سمجھ کر سرانجام دے گی ،دینی مدارس کے خلاف کسی قسم کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،دینی مدارس اور پاکستان کااستحکام لازم وملزوم ہے ،استحکام مدار س واستحکام پاکستان کانفرنس پاکستان اور مذہبی طبقات کے بہتر مستقبل کے لیے سنگ میل ثابت ہو گی ،قو م کانفرنس کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کرے۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا محمد حنیف جالندھری نے شیرانوالہ لاہور ،مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر نے کراچی ،مولانا انوار الحق نے اکوڑہ خٹک ،مولانا قاضی عبدالرشید نے راولپنڈی ، مولانا حافظ فضل الرحیم نے لاہور،مولانا امداد اﷲ نے کراچی ،مولانا حسین احمدنے پشاور،مولانا اصلاح الدین حقانی نے لکی مروت،مولانا زبیر احمد نے شجاع آباد ،مولانا عبدالقدوس محمدی نے اسلام آباد، مولانا مفتی صلاح الدین اور قاضی مطیع اﷲ نے کوئٹہ میں جبکہ ملک بھر کے ہزاروں ائمہ وخطباء نے مختلف شہروں میں جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے اعلان کے مطابق 24مارچ تا 3اپریل ملک بھر میں عشرہ استحکام مدارس واستحکام پاکستان کے سلسلے میں ملک بھر کی مساجد کے ائمہ وخطباء نے جمعہ کے اجتماعات سے دینی مدا رس کے کردار وخدمات اور دینی تعلیم کی ضرورت واہمیت کے موضوع پر خطاب کیا ۔اس موقع پر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین اور دیگر ائمہ وخطباء نے کہا کہ دینی مدارس پاکستانی قوم کا مشترکہ اثاثہ ہیں اور قوم نے جس طرح اس سے قبل ان مدارس کی خدمت اور نصرت کو اپنا دینی فریضہ سمجھا آئندہ بھی قوم ان مدارس کی خدمت کو اپنا دینی اور ملی فریضہ سمجھ کر نبھائے گی ۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے قوم سے عہد لیا کہ وہ دینی مدارس کے خلاف کسی قسم کی ساز ش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی مدارس بارے بے بنیاد پروپیگنڈے پر کان دھریں گے ۔اس موقع پر ملک بھر کی مساجد کے ائمہ وخطباء نے کہا کہ دینی مدارس اورپاکستان کا استحکام لازم وملزوم ہے اور ہم نہ پاکستان کی سلامتی پر کوئی حرف آنے دیں گے نہ دینی مدارس کی بقاء کو کسی خطرے سے دوچار ہونے دیں گے ۔

نماز جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے ائمہ وخطباء نے کہا کہ 3اپریل کو لاہور میں منعقد ہونے والی عالمی استحکام مدارس واستحکام پاکستان کانفرنس پاکستان اور پاکستان میں دینی طبقات کے بہتر مستقبل کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گی انہوں نے حاضرین سے کہا کہ وہ خود بھی اس کانفرنس میں شرکت کا اہتمام کریں اور ا س کانفرنس کی کامیابی کے لیے بھرپور کردا رادا کریں ۔

متعلقہ عنوان :