ماسکو سے ڈی پورٹ ہونے والے مزید 9پاکستانی تاجر دبئی سے لاہور پہنچ گئے ،ناروا سلوک پر شدید احتجاج

پاکستانی قونصل خانے سے چند افراد آئے اور دو ، دو افراد سے سوالات پوچھنے کے بعد چلے گئے ،ا سکے بعد کوئی رابطہ نہیں کیا گیا‘ گفتگو

جمعہ 25 مارچ 2016 18:09

لاہور/دوبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء) روس کے دارالحکومت ماسکو سے ڈی پورٹ ہونے والے مزید 9پاکستانی تاجر دبئی سے لاہور پہنچ گئے جبکہ تاجروں کا کہنا ہے کہ تمام دستاویزات مکمل ہیں اور تاجر ہر سال اسی طرح سفر کرتے ہیں ۔حکومت پاکستان پر فرض ہے کہ وہ اس معاملے کو کا نوٹس لے اور روس کے ساتھ اس معاملے کو اٹھایا جائے ‘ پاکستانی قونصل خانے سے چند افراد آئے اور دو ، دو افراد سے سوالات پوچھنے کے بعد وہاں سے چلے گئے اور ا سکے بعد ہمارے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا ۔

تفصیلات کے مطابق ماسکو سے ڈی پورٹ ہونے والے نو پاکستانی تاجر گزشتہ روز دبئی سے لاہور کے علامہ اقبال اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ پہنچے جہاں امیگریشن حکام نے ان سے تمام تر صورتحال بارے تفصیلی آگاہی حاصل کی ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تاجروں کے وفد میں شامل عبد المغیث شیخ اور شیخ اصغر نے بتایا کہ موبائل بنانے والی ایک ملٹی نیشنل کمپنی کے سالانہ کانووکیشن میں شرکت کیلئے لاہور، کراچی اور اسلام آباد سے 138افراد کا قافلہ 23مارچ کو براستہ دبئی سے ماسکو پہنچا ۔

وہاں تین افراد کو آؤٹ بھی کر دیا گیا لیکن پھر اچانک ہم سب کو الگ کر دیا گیا اور کہا گیا کہ آپ کا 22مارچ کو ویزا لگا اور آپ 23مارچ کو کیسے یہاں پہنچ گئے آپ لوگوں کی تو کلیئرنس ہی نہیں۔ اس کے بعد ہمیں ایک کمرے میں بند کر دیا گیا اور شدید سرد موسم کے باوجود ائیر کنڈیشنڈ چلا دئیے گئے ۔بغیر کمبل ہم فرش پر لیٹے رہے جس سے کئی افراد کی طبیعت بگڑ گئی لیکن اس کے باوجود دروازہ نہ کھولا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قونصل خانے سے چند افراد آئے اور دو ، دو افراد سے سوالات پوچھنے کے بعد وہاں سے چلے گئے اور ا سکے بعد ہمارے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ۔ اس کے بعد ہمیں دبئی پہنچا دیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور سے کل 38افراد گئے تھے اور 22ابھی تک دبئی میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ساری صورتحال میں اﷲ کے بعد میڈیا نے ہمارا ساتھ دیااگر میڈیا اس معاملے کو سامنے نہ لاتا پتہ نہیں ہمارے ساتھ کیا سلوک ہوتا۔

متعلقہ عنوان :