دین اسلام کی تمام عبادات اجتماعیت ،محبت اور امن کا درس دیتی ہیں‘فیض الرحمن درانی

اسلام کا فلسفہ انسانی حقوق دیگر مذاہب سے ممتاز ہے،دین اسلام انسانی حقوق کا بہترین علمبردار ہے

جمعہ 25 مارچ 2016 17:56

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء)تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ اسلام کا فلسفہ انسانی حقوق دیگر مذاہب سے ممتاز ہے،ہادی برحق حضرت محمد ﷺنے انسانی زندگی کے ہر ہر پہلو کے حوالے سے ایسی سنہری تعلیمات عطاء کیں جو زندگی میں حسن اور توازن پیدا کرنے کی ضمانت دیتی ہیں،اسلام دین فطرت ہے اور بنیادی انسانی حقوق کا بہترین علمبردار ہے،دین اسلام کی تمام عبادات ہمیں اجتماعیت ،محبت ،امن اور اتفاق کا درس دیتی ہیں،اہل ایمان میں جتنا اتحاد ہو گا اﷲ کی رحمت اتنی ہی برسے گی،نماز، روزہ، حج زکوۃ سب میں اجتماعیت ہے، منہاج القرآن شادیوں کی اجتماعی تقاریب کا اہتمام کر کے دین اسلام کا اجتماعیت کا عکس دنیا کے سامنے پیش کررہی ہے،منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن غریب اور بے سہارا بچیوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کر کے دکھی انسانیت کی خدمت کررہی ہے،تحریک منہاج القرآن انسانیت کی بھلائی کے ایسے منصوبوں پر عملی کام کر کے حضور اکرم ﷺ کے درس سخاوت پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

معاشرے سے غربت اور ناامیدی کا خاتمہ تحریک منہاج القرآن کا مشن ہے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبار ک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔دریں اثناء ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے مرکزی سیکرٹریٹ میں 3 اپریل کو ہونے والی شادیوں کی اجتماعی تقریب کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر طاہر القادری کی سرپرستی میں حقوق اﷲ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی کو بھی دین کا اہم فریضہ سمجھتے ہوئے انسانیت کی خدمت کیلئے کوشاں ہے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ملکی تاریخ میں غربت کے خاتمے کیلئے ہمیشہ عملی اقدامات اٹھائے ہیں،3 اپریل کو بھی 23غریب اور بے سہارا بچیوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب منعقد ہو گی۔ اجتماعی شادیوں کی اس تقریب کی تیاریاں تیزی سے مکمل کی جارہی ہیں۔20 مسلم اور 3 غیر مسلم جوڑے نئی زندگی کاآغاز کرینگے۔امجد شاہ نے بتایا کہ ہر جوڑے کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے گھر کے استعمال کا مکمل سامان اور دیگر بہت سے تحائف بھی دئیے جائینگے۔