خیبر پختونخوانے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بجٹ کا 29فیصد تعلیم کیلئے مختص کرکے علم دوستی کا ثبوت دیا ہے، محمد عاطف خان

سرکاری سکولوں کے بچوں کو آئی ٹی تعلیم سے روشناس کرانے کیلئے سکولوں میں 840آئی ٹی لیب قائم کی جارہی ہیں ، وزیرتعلیم کا کمیونیکیشن سٹریٹیجی اجلاس سے خطاب

جمعہ 25 مارچ 2016 17:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے گزشتہ ڈھائی سالوں کے دوران شعبہ تعلیم کی بہتری کے لئے جو انقلابی اقدامات اور نمایاں اصلاحات کئے ہیں ماضی کے 65سالوں میں اس کی نظیر نہیں ملتی اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو اس سے ہمہ وقت باخبر رکھا جائے تاکہ مخالفین انہیں اپنے منفی پروپیگنڈوں سے گمراہ نہ کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں محکمہ تعلیم کے کمیونیکیشن سٹریٹیجی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری ابتدائی تعلیم افضل لطیف اور ایڈیشنل سیکرٹری قیصر عالم نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں شعبہ تعلیم میں کئے گئے اقدامات اور اصلاحات کی موثر تشہیر کے لئے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض ہوا اوراس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کہ وہ کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر کمیونیکیشن سٹریٹیجی کو حتمی شکل دیں۔وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوانے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بجٹ کا 29فیصد حصہ تعلیم کے لئے مختص کرکے علم دوستی کا ثبوت دیا ہے اور تعلیمی بجٹ کو 100ارب روپے سے بھی اوپر بڑھادیا ہے۔انہو ں کہاکہ اکتوبر2005کے تباہ کن زلزلے کے بعدپی ٹی آئی سے پہلے صوبے میں دو حکومتیں برسراقتدار رہیں لیکن انہیں زلزلے میں تباہ ہونے والے 760سکولوں کی تعمیر نو کی توفیق نصیب نہیں ہوئی لیکن اس کا کریڈٹ پی ٹی آئی حکومت کے سر ہے جس نے ان سکولوں کی تعمیر نو کے لئے 8ارب روپے مختص کرکے ان سکولوں پر باقاعدہ کام کا آٖغاز کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پرائمری سکول میں 5کلاسوں کے لئے 2کمرے اور 2استاد ہوتے ہیں جو کہ انتہائی ناکافی ہیں لیکن برسر اقتدار آتے ہی ہماری حکومت نے اس پر کام شروع کردیا اور نئی پالیسی کے مطابق اب پرائمری سکول میں 6کلاسوں کے لئے 6کمرے اور 6استاد جبکہ پرنسپل آفس اور سٹاف روم اس کے علاوہ ہوں گے اور ہر پرائمری سکول میں پلے ایریا کو لازمی قرار دیا گیا ہے ۔

اس کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود 10ہزار پرائمر ی سکولوں میں پلے ایریاز کے قیام کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر 43ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں اور اس مد میں اب تک 10ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیں جو کہ ایک ریکارڈہے۔عاطف خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت کے پیش نظر سرکاری سکولوں کے بچوں کو آئی ٹی تعلیم سے روشناس کرانے کے لئے ان سکولوں میں جدیدسہولیات سے آراستہ 840آئی ٹی لیب قائم کئے جارہے ہیں اور امید ہے کہ نئے تعلیمی سال سے یہ لیب باقاعدہ طورپر فنکشنل کر دئیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :