ورلڈ ٹی ٹونٹی ،آسٹریلیا نے پاکستان کو 21رنز سے شکست دیکر ایونٹ سے باہر کردیا

جمعہ 25 مارچ 2016 17:49

ورلڈ ٹی ٹونٹی ،آسٹریلیا نے پاکستان کو 21رنز سے شکست دیکر ایونٹ سے باہر ..

موہالی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔25مارچ2016ء ) ورلڈ ٹی ٹونٹی میں گروپ بی کے اہم مقابلے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 21رنز سے ہرا ایونٹ سے باہر کر دیا ۔ کینگرو اوپنرز نے اننگز کا آغاز جارحانہ طریقے سے کیا جس کے بعد عثمان خواجہ 21رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ ڈیوڈ وارنر نے دو چوکے لگا کر اپنے خطر ناک عزائم ظاہر کیے تاہم وہاب ریاض نے انہیں بھی پوویلین لوٹا دیا ۔

ایرون فنچ بھی 15رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوئے جس کے کپتان بعد سٹیو سمتھ اور گلین میکسویل نے چوتھی وکٹ کے لیے 62رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد میکسویل عمادوسیم کی گیند پر احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ سٹیو سمتھ نے شین واٹس کے ساتھ ملکر ایک اور بڑی پارٹنر شپ لگانا شروع کی اور پاکستانی باؤلرز کی جم کر دھلائی کی ۔

(جاری ہے)

سمتھ 61اور واٹسن 44رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اور آسٹریلیا نے مقررہ بیس اوورز میں 4وکٹوں پر 193رنز بنالیے ، پاکستان کے لیے وہاب ریاض اور عماد وسیم نے دو ، دو شکار کیے ۔

194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بناسکی ۔ اوپننگ بلے باز شرجیل خان اور احمد شہزاد نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن 20 کے مجموعی سکور پر احمد شہزاد 6 گیندوں پر ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ جارح مزاج شرجیل خان بھی 40 کے مجموعی اسکور پر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 6 چوکے بھی لگائے۔

تیسری وکٹ کیلیے عمراکمل اور خالد لطیف نے 45 رنز کی شراکت داری قائم کی، عمر اکمل 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان آفریدی بیٹنگ کیلیے آئے اور 7 گیندوں پر 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ خالد لطیف نے شعیب ملک کے ساتھ ملکر 37 رنز کی شراکت داری قائم کی لیکن وہ بھی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرواسکے، خالد لطیف 41 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ عماد وسیم اگلی ہی گیند پر بغیر کوئی رنز بنائے وکٹ گنوا بیٹھے ، سرفراز احمد 2 اور وہاب ریاض صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ شعیب ملک 40 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے جیمز فالکنر نے 5، ایڈم زمبا نے 2 اور جوش ہیذلے ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی ۔