وزیر اعلیٰ شہبازشریف ان ایکشن، شاہدرہ ہسپتال اور کرباٹھ میں سکول کاچار گھنٹے طویل دورہ

جمعہ 25 مارچ 2016 16:38

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے طبی اور تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لینے کیلئے ہسپتالوں اور سکولوں کے اچانک غیراعلانیہ اور بغیر پروٹوکول دوروں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رکھا۔ وزیراعلیٰ کے دوروں کا مقصد ہسپتالوں میں صحت عامہ اورسکولوں میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے سہولتوں کو مزید بہتر بنانا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے آج شاہدرہ ہسپتال اورلاہورکے نواحی گاوٴں کرباٹھ میں گورنمنٹ ہائی سکول کے چار گھنٹے طویل دورے کیے اورموقع پر جاکرصورتحال کا خود جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ کے دورے سے انتظامیہ مکمل طورپر لاعلم رہی۔ وزیراعلیٰ کے دوروں کے دوران ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں رہی اورکسی موقع پر بھی ٹریفک کو نہیں روکا گیا بلکہ وزیراعلیٰ کی گاڑی ٹریفک اشاروں پر بھی رکتی رہی۔

(جاری ہے)

شاہدرہ ہسپتال کے دورہ کے موقع پر ایک یتیم بچی ثناء نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ مجھے باہر سے ادویات لانے کا کہاگیا ہے اورمیرے پاس پرچی بھی موجود ہے جس پر وزیراعلیٰ یتیم بچی کو لے کر فارمیسی آئے اوربچی کو ادویات کی پرچی دینے کے بارے استفسار کیا۔تسلی بخش جواب نہ ملنے پر وزیراعلیٰ شدید برہم ہوئے اورہسپتال انتظامیہ کی سخت سرزنش کی ۔ وزیراعلیٰ نے یتیم بچی ثناء کے مفت علاج معالجے کی ہدایت کی اور بچی کیلئے مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ کی صبح آمد کے باوجود ہسپتال کے ایم ایس تاخیر سے پہنچے،اس وقت وزیراعلیٰ میڈیسن سٹور کا معائنہ کررہے تھے جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کو بعض ادویات نہیں مل رہی اورآپ مزے سے اب آ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مجھے کام کرنے والے افسر چاہئیں جن کے دل میں عوام کی خدمت کاجذبہ ہو۔وزیراعلیٰ نے ڈی سی او لاہور کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں اورسکولوں میں جاکرسہولتوں کا جائزہ لینا ان کی بھی ذمہ داری ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے وہاں موجود افسران کو مخاطب کرتے ہوئے یہ شعر پڑھا: ”مسافر شب کو اٹھتا ہے …جو جانا دور ہوتا ہے“۔

متعلقہ عنوان :