لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب یونیورسٹی سینٹ انتخابات نہ کرائے جانے کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کے وکلاءکو بحث کے لئے طلب کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 25 مارچ 2016 16:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 مارچ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار جاوید سمعی وغیرہ نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود سینٹ انتخابات نہیں کرائے جا رہے جو کہ واضح طور پر توہین عدالت اور قوانین کی خلاف ورزی ہے۔پنجاب یونیورسٹی کے وکیل ملک اویس خالد نے عدالت کو بتایا کہ 1988 سے یونیورسٹی کے سینٹ انتخابات کا انعقاد نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

پنجاب یونیورسٹی سے الحاق شدہ صوبہ بھر کے پانچ سو چھیاسی کالجز کے اساتذہ اور یونیورسٹی کے رجسٹرڈ گریجوایٹس پر مشتمل ووٹرز لسٹیں تیار کر لی گئی ہیں۔انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروںنے کاغذات نامزدگی حاصل کر کے جمع کرا دئیے ہیں،،انتخابات کے دوسرے مرحلے میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد حتمی فہرست اٹھارہ اپریل کو آویزاں کر دی جائیں گی۔جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت تیرہ مئی تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاءکو بحث کے لئے طلب کر لیا۔