کری روڈ آفیسرز ہاؤسنگ سوسائٹی کے الاٹیوں کو آئندہ سال قبضہ دے دیا جائے گا‘ وزیراعظم کی منظوری کے بعد سرکاری ملازمین کے لئے نئی رہائش گاہیں تعمیر کریں گے‘ وزیراعظم اور موجودہ وزیر ہاؤسنگ نے جنرل ویٹنگ لسٹ سے ہٹ کر کوئی ایک الاٹمنٹ بھی نہیں کی، پارلیمانی سیکرٹری مواصلات سید ساجد مہدی نسیم کا قومی اسمبلی میں جواب

جمعہ 25 مارچ 2016 15:28

اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مارچ۔2016ء) پارلیمانی سیکرٹری مواصلات سید ساجد مہدی نسیم نے کہا ہے کہ کری روڈ آفیسرز ہاؤسنگ سوسائٹی کے الاٹیوں کو آئندہ سال قبضہ دے دیا جائے گا‘ وزیراعظم کی منظوری کے بعد سرکاری ملازمین کے لئے نئی رہائش گاہیں تعمیر کریں گے‘ وزیراعظم اور موجودہ وزیر ہاؤسنگ نے جنرل ویٹنگ لسٹ سے ہٹ کر کوئی ایک الاٹمنٹ بھی نہیں کی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شمس النساء کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر بھی اپنا حق استعمال نہیں کرتے اور ویٹنگ لسٹ کے مطابق ہی گھر الاٹ کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران ایک ایلمنٹری سکول ٹیچر کو اس کی معذوری کو مدنظر رکھتے ہوئے باری سے ہٹ کر صرف ایک الاٹمنٹ کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ملازمین کے لئے گھروں کی تعمیر کا نیا پروگرام شروع کر رہی ہے۔ ڈاکٹر شازیہ صوبیہ کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ آفیسرز ہاؤسنگ سکیم کری روڈ اسلام آباد میں دس پیکج میں سے چھ کے ٹینڈر دے دیئے گئے ہیں۔ آئندہ سال الاٹیوں کو ان کے قبضے دے دیئے جائیں گے۔