وزیراعظم کی منظوری کے بعد سرکاری ملازمین کیلئے نئی رہائش گاہیں تعمیر کرینگے ‘ پارلیمانی سیکرٹری مواصلات

جمعہ 25 مارچ 2016 15:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء) قومی اسمبلی کو بتایاگیا ہے کہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد سرکاری ملازمین کیلئے نئی رہائش گاہیں تعمیر کرینگے ‘ کری روڈ آفیسرز ہاؤسنگ سوسائٹی کے الاٹیوں کو آئندہ سال قبضہ مل دیدیا جائیگا ‘ منیٰ حادثے میں شہید پاکستانی حجاج کے ورثاء کو سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے کوئی مالی امداد فراہم نہیں کی گئی ‘ رواں سال حج کیلئے کرایوں کا اعلان تکنیکی کمیٹی کی سفارشات آنے کے بعدکیا جائیگا ‘ آئندہ سال حج کے دوران پاکستان کا 20 فیصد کوٹہ بحال ہونے کی امید ہے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران پارلیمانی سیکرٹری مواصلات سید ساجد مہدی نسیم نے بتایا کہ وزیراعظم اور وزیر بھی اپنا حق استعمال نہیں کرتے اور ویٹنگ لسٹ کے مطابق ہی گھر الاٹ کئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران ایک ایلمنٹری سکول ٹیچر کو اس کی معذوری کو مدنظر رکھتے ہوئے باری سے ہٹ کر صرف ایک الاٹمنٹ کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت ملازمین کے لئے گھروں کی تعمیر کا نیا پروگرام شروع کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آفیسرز ہاؤسنگ سکیم کری روڈ اسلام آباد میں دس پیکج میں سے چھ کے ٹینڈر دے دیئے گئے ہیں۔ آئندہ سال الاٹیوں کو ان کے قبضے دے دیئے جائیں گے۔وزارت مذہبی امور کی جانب سے بتایا گیا کہ منیٰ حادثے میں 82 پاکستانی حجاج شہید ہوئے‘باقی خاندانوں سے امدادی دستاویزات کی وصولی پر ان کو بھی معاوضہ دے دیا جائے گا۔

وزیر مملکت برائے مذہبی امور نے بتایا کہ حج 2015ء کے دوران پی آئی اے کے 983 رکنی عملہ نے آپریشن میں حصہ لیا ۔وقفہ سوالات کے دور ان ہیپا ٹائٹس کے حوالے سے شدید خطرے سے دوچار شہروں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئی جن میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ‘ پنجاب میں ڈیرہ غازی خان‘ وہاڑی‘ رحیم یار خان‘ حافظ آباد‘ جھنگ پاک پتن‘ راجن پور‘ بہاولنگر‘ بہاولپور ‘ اوکاڑہ۔

سندھ میں خیرپور‘ گھوٹکی‘ سانگھڑ‘ دادو۔ خیبر پختونخوا میں دیر بالا‘ دیر زیریں‘ ہنگو اور سوات‘ بلوچستان میں موسیٰ خیل‘ لورا لائی‘ سبی‘ جعفر آباد‘ بارکھان‘ ژوب شامل ہیں۔ تحریری طور پر آگاہ کیا گیا کہ آئی 16 اسلام آباد میں بی ٹائپ کے 672 یونٹ‘ ای ٹائپ 912کے ‘ آئی 12 میں ای ٹائپ کے 800 اور ڈی ٹائپ کے 2400‘ جی الیون فور میں 148‘ اورجی ٹین ٹومیں 120 اپارٹمنٹس شامل ہیں۔

یو ای ٹی لاہور میں ڈی ٹائپ کے 14 اپارٹمنٹس شامل ہیں۔ یہ منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا۔وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات نے بتایا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی پرحج کرائے کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس پر متعلقہ حکام نے کہا کہ ان کی ٹیکنیکل ٹیم اس کا جائزہ لے گی، اس کا جواب آنے پر کرائے کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حجاج کرام کو حرم تک لے جانے کے لئے سینکڑوں بسیں چلتی ہیں، حرم کے نزدیک رہائش گاہیں مہنگی ہیں ہم دور اور بہتر رہائش گاہیں لیتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ 340 بسیں حجاج کرام کو حرم لے کر جاتی ہیں اور اس سے لوگ خوش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2013ء میں حج اخراجات تین لاکھ 26 ہزار تھے،موجودہ حکومت یہ اخراجات 2014ء میں دو لاکھ 72 ہزار اور 2015ء میں دو لاکھ 64 ہزار کی سطح پر لے آئے ۔ انہوں نے بتایا کہ حج کوٹہ کیلئے ایک فارمولہ وضع ہے، ایک ہزار آبادی پر ایک حاجی کا کوٹہ ہے۔ حرم کی توسیع کی وجہ سے پاکستان‘ بنگلہ دیش اوربھارت کے کوٹے میں 20 فیصد کمی کی گئی تھی سعودی عرب نے خود اپنے کوٹے میں 50 فیصد کمی کی ہے۔

وزیر مملکت نے بتایا کہ مفت حج کا کوئی تصور نہیں ہے اور ایسا کوئی کوٹہ نہیں ہے، حجاج کی قرعہ اندازی میں آبادی کی بنیاد پر کوٹہ کو مدنظر رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب نے حج 2016ء کے لئے بھارت اور بنگلہ دیش کی طرح پاکستان کے حج کوٹہ کو بحال کرنے سے معذوری ظاہر کی ہے۔2016ء کے لئے پاکستان کا کوٹہ ایک لاکھ 43 ہزار 368 ہے تاہم اصل کوٹہ آئندہ سال بحال ہونے کا امکان ہے۔

وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے بتایا کہ ہیپا ٹائٹس کی دوائی اب پانچ ہزار روپے تک دستیاب ہے ‘حکومت نے 9 کمپنیاں رجسٹرڈ کی ہیں جن میں سے پانچ کمپنیوں کی ادویات مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ایڈوائزری گروپ نے انجکشن کی بجائے ادویات کے استعمال کی تجویز دی ہے۔ جن علاقوں میں یہ مرض زیادہ ہے وہاں ہسپتالوں کو زیادہ کوٹہ دینا چاہیے۔

ہیپا ٹائٹس کی روک تھام کے ساتھ ساتھ اس کی آگہی مہم زیادہ کرنا ہوگی۔ وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے بتایا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ نے 12 ہزار 620 میگاواٹ کی مجموعی استعداد کے متعدد منصوبے شروع کر رکھے ہیں۔ درآمدی کوئلہ سے چلنے والے پانچ اور تھر یا مقامی کوئلے سے چلنے والے چار پلانٹ شامل ہیں۔

1210 میگاواٹ کے پانچ ہائیڈل پراجیکٹ شروع کئے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ہم بجلی کی پیداوار 16 ہزار 200 تک لے گئے تھے اس سال کے آخر تک 18 ہزار میگاواٹ تک لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بقایا جات کی ادائیگی اور بجلی چوری کی روک تھام کیلئے اراکین جرگہ بنائیں ہم خیبرپختونخوا میں ان سے مکمل تعاون کریں گے جن علاقوں میں بل ادا نہیں کئے جاتے وہاں پر لوڈشیڈنگ 18,18 گھنٹے تک بھی کی جاتی ہے۔

نفیسہ عنایت اللہ خٹک کے سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے بتایا کہ دیامر بھاشا ڈیم کیلئے موجودہ حکومت نے 70 فیصد اراضی حاصل کرنے کا کام شروع کیا۔ فنڈز کا اہتمام ہونے پر تعمیراتی کام شروع کردیا جائے گا۔ اس کی تکمیل نو سال میں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ صوابی‘ مردان‘ مالاکنڈ میں ٹرانسمیشن لائنیں بہت طویل ہیں ان کو کم کرنے کے لئے 58 کروڑ روپے صوبائی حکومت کو دو سال قبل دیئے تھے۔

رجب علی خان بلوچ نے بتایا کہ 2015-16ء میں گنے کی پیداوار چھ کروڑ 46 لاکھ 56 ہزار میٹرک ٹن رہی۔ حکومت صرف گندم پر سپورٹ پرائس دیتی ہے۔رجب علی خان بلوچ نے بتایا کہ رواں مالی سال گندم کی پیداوار دو کروڑ 51 لاکھ 82 ہزار ٹن رہی۔ ہمارے پاس گندم کا سٹاک آئندہ سال کے لئے بھی کافی ہے۔ بیلم حسنین کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق رجب علی خان بلوچ نے کہا کہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان میں زراعت کے شعبہ میں تعاون بھی زیر غور آئے گا۔

متعلقہ عنوان :