سپریم کورٹ نے ماحولیاتی آلودگی از خود نوٹس کیس میں سندھ حکومت کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دیکر مسترد کردیا

وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے آلودگی میں کمی کے اقدامات پر تفصیلی رپورٹ طلب

جمعہ 25 مارچ 2016 14:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء) سپریم کورٹ نے ماحولیاتی آلودگی از خود نوٹس کیس میں سندھ حکومت کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مسترد کردی اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے آلودگی میں کمی کے اقدامات پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ جمعہ کو چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے ماحولیاتی آلودگی سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران سندھ حکومت کی طرف سے کراچی میں آلودگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی جسے عدالت نے غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ جسٹس خلجی عارف نے ریمارکس دیئے کہ ماحولیاتی آلودگی میں اسلام آباد بھی کراچی کا مقابلہ کررہا ہے۔ آلودگی کے باعث اسلام آباد والوں کو کہیں اور منتقل ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں آلودگی کم کرنے کے لئے اقدامات نہیں کئے گئے۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ سندھ حکومت ایسی رپورٹس سے کیا ثابت کرنا چاہتی ہے۔ عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے آلودگی میں کمی کے اقدامات پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

متعلقہ عنوان :