سروس ٹائرز جونیئر نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر

جمعہ 25 مارچ 2016 13:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 مارچ۔2016ء)سروس ٹائرز جونیئر نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوئی۔ انڈر 18 بوائز میں حارث عرفان الحق نے یکطرفہ مقابلہ کے بعد اسد اللہ کو 6-1, 6-1 سے شکست دے کر جونیئر نیشنل چیمپئن کا ٹائٹل جیت لیا ۔فائنلزکو دیکھنے کیلئے زندہ دلان لاہور کی بڑی تعداد ٹینس کورٹس میں آئی۔فائنل کے مہمان خصوصی پاکستان کے نمبر ون ٹینس کھلاڑی تمغہ امتیاز پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رشید ملک تھے۔

اس موقع پر پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رشید ملک، اشفاق چوہان ،منصور وڑائچ، کرنل (ر) آصف ڈار، رائے سلیم ، سہیل رضا ، فہیم صدیقی ، سڈ صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔ رشید ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹینس کی کوالٹی بہت بہتر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

نئے کھلاڑیوں کو کھیلنے کے زیادہ موقع مل رہے ہیں۔ انہوں نے سروس ٹائرز کے ڈائریکٹر عارف سعید، عمر سعید اور پوری مارکیٹنگ ٹیم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اتنا شاندار ایونٹ سپانسر کیا۔

انڈر 18 ڈبلز مقابلوں کے فائنل میں برکت اللہ اور اسد اللہ نے حارث عرفان الحق اور مجاہد خان کو زبردست مقابلے کے بعد 7-5, 6-4 سے شکست دے کر ڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔انڈر 10 بوائز کے فائنل میں اذان شاہد نے بلال عاصم کو 8-4 سے شکست دے کر فائنل جیت لیا۔ انڈر 12 بوائز کا فائنل فیضان فیاض نے عبدالحنان خان کو 8-6 سے ہرا کر جیت لیا۔انڈر 14 بوائز کے فائنل مقابلے میں حمزہ بن ریحان نے دلچسپ مقابلے کے بعد نعلین عباس کو 6-4, 6-3 سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا ۔