پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں کے انعقاد کا امکان روشن ہو گیا

جمعہ 25 مارچ 2016 13:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 مارچ۔2016ء) آئندہ ماہ ایک مرتبہ پھر پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں کے انعقاد کا امکان روشن ہو گیا ہے۔افغانستان کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان وفاقی حکومت ، پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں کی طرف سے فول پروف سکیورٹی اور کلئیرنس سے مشروط ہے۔ذرائع کے مطابق اپریل کے وسط میں افغانستان کرکٹ ٹیم چار ایک روزہ اور دو چار روزہ میچوں کی سیریز کے لئے پاکستان کا دورہ کرنے پر رضامند ہو گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور افغانستان کرکٹ بورڈ کے مابین اس حوالے سے معاملات طے پا گئے ہیں۔افغانستان کرکٹ ٹیم چار روزہ میچ پاکستان اے ٹیم کے خلاف کھیلے گی جبکہ ایک روزہ میچوں میں وہ قومی کرکٹ ٹیم کا مقابلہ کرے گی۔ میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم اور کراچی کے ساتھ اینڈ کرکٹ گراونڈ میں کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی اور دیگر ضروری انتظامات کے لیے وفاقی اور دونوں صوبائی حکومتوں سے اجازت کے لیے باضابطہ تحریری طور پر اجازت مانگ لی ہے۔

2015 میں زمبابوے کے دورہ پاکستان کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی غیر ملکی ٹیم انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہی ہے زمبابوے کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں قیام کے دوران بہترین سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی تمام میچز کا انعقاد پرامن طریقے سے ہوا تھا۔ افغانستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ ممالک کی سطح پر مقابلوں میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق افغان ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ ورلڈ 20 ، 20 میں بھی افغانستان کرکٹ ٹیم نے مثبت کرکٹ کھیل کر ماہرین کرکٹ کی توجہ حاصل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :