پی آئی اے کا کرایے کی تفصیل نہ دینے پر حج پالیسی تاخیر کا شکا ر

جمعہ 25 مارچ 2016 13:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 مارچ۔2016ء)پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کی جانب سے حج کرایوں کی تفصیلات فراہم نہ کیے جانے کے باعث حج پالیسی تاخیر کا شکارہوگئی ہے،وزارت مذہبی امور کے حکام نے سیاسی دباو پر ہارڈ شپ کوٹہ بحال کرنے پر غور شروع کر دیا۔سرکاری حج پرکتنی رقم خرچ ہوگی ؟؟ وزارت مذہبی امور ریٹ طے کرنے میں ایک بارپھرناکام ہوگیا،جسے اس معاملے میں پی آئی اے کے جواب کا انتظار ہے۔

(جاری ہے)

تین ہفتے گزر گئے پی آئی اے انتظامیہ کرایوں کے نرخ فراہم نہ کرپائی۔ادھرذرائع نے بتایاہے کہ وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج کوٹہ 10 فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، رواں سال سرکاری کوٹے پر60 فیصد جبکہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 40 فیصد عازمین حج حجاز مقدس جا سکیں گے۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سیاسی دباو کے باعث وزارت کے حکام ختم کیے جانے والے 5 فیصد ہارڈ شپ کوٹے کو دوبارہ بحال کرنے پر غور کررہے ہیں، جس کے تحت ارکان پارلیمنٹ اور حکومتی شخصیات کو حج پر بھجوا جاسکے گا۔پی آئی اے سے ریٹس ملنے کے بعد منگل کو حج پالیسی کو حتمی شکل دیے جانے کاامکان ہے۔