چوتھی عالمی ہندکو کانفرنس کل ہری پور میں ہو گی

جمعہ 25 مارچ 2016 12:40

پشاور۔25 مارچ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مارچ۔2016ء )گندھارا ہندکو بورڈ ،پاکستان کے زیراہتمام اور گندھارا ہندکو اکیڈمی پشاور اور ہزارہ ہندکو اکیڈمی، ہری پورکے اشتراک سے چوتھی عالمی ہندکو کانفرنس کل ہفتہ کو ڈسٹرکٹ کونسل ہال (بے نظیر ہال) ہری پور ،ہزارہ میں منعقد ہو گی ۔کانفرنس کے کنوینئرپروفیسر ملک ناصر داؤد، سرپرست راشد قریشی جبکہ کوآرڈینیٹر گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین ہیں۔

چوتھی عالمی کانفرنس کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ روز گندھارا ہندکو اکیڈیمی کے دفتر میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین نے کی۔اجلاس میں گندھارا ہندکو بورڈ کے اراکین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور مختلف امور کی انجام دہی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔

کانفرنس کے کوآرڈینیٹر محمد ضیاء الدین نے کہاکہ چوتھی عالمی ہندکو کانفرنس میں 11 ہندکو کتابوں کی تقریب رونمائی بھی کی جائے گی جبکہ کانفرنس میں اندرون و بیرون ملک سے 25 مندوبین ہندکو زبان، ادب، ثقافت، تاریخی ورثہ اور معاشرت کے حوالے سے اپنے مقالہ جات پیش کرینگے۔ کانفرنس میں عوامی نمائندوں کے علاوہ سماجی شخصیات، ادیب، شاعر، صحافی اور ملک کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کرینگے اور اپنے خیالات کا اظہار کرینگے۔

دو روزہ کانفرنس میں ہندکو لوک گیت، ثقافتی نمائش، ہندکو کتب کی نمائش، ہندکو ثقافتی پینٹنگ ، ہندکو مشاعرہ بھی منعقد ہو گا۔کانفرنس کا مرکزی موضوع ”ہزارے دی تہرتی دی اقتصادی ترقی اُس دی ثقافتی ترقی نال جڑے دی اے“رکھا گیا ہے۔ مرکزی موضوع کی مناسبت سے محققین نے مختلف موضوعات پر پُرمغز مقالے تحریر کئے ہیں۔ اس موقع پر ہندکو مشاعرہ بھی منعقد ہوگا۔