پی آئی اے کی جانب سے حج کرایوں کی تفصیلات فراہم نہ کیے جانے کے باعث حج پالیسی تاخیر کا شکار

جمعہ 25 مارچ 2016 12:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے)کی جانب سے حج کرایوں کی تفصیلات فراہم نہ کیے جانے کے باعث حج پالیسی تاخیر کا شکارہوگئی ہے۔وزارت مذہبی امور کے حکام نے سیاسی دباؤ پر ہارڈ شپ کوٹہ بحال کرنے پر غور شروع کر دیاہے۔سرکاری حج پرکتنی رقم خرچ ہوگی ؟؟ وزارت مذہبی امور ریٹ طے کرنے میں ایک بارپھرناکام ہوگیا،جسے اس معاملے میں پی آئی اے کے جواب کا انتظار ہے۔

(جاری ہے)

تین ہفتے گزر گئے پی آئی اے انتظامیہ کرایوں کے نرخ فراہم نہ کرپائی ۔اس ضمن میں ذرائع نے بتایاکہ وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج کوٹہ 10 فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، رواں سال سرکاری کوٹے پر60 فیصد جبکہ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت 40 فیصد عازمین حج حجاز مقدس جا سکیں گے۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سیاسی دباؤ کے باعث وزارت کے حکام ختم کیے جانے والے 5 فیصد ہارڈ شپ کوٹے کو دوبارہ بحال کرنے پر غور کررہے ہیں، جس کے تحت ارکان پارلیمنٹ اور حکومتی شخصیات کو حج پر بھجوا جاسکے گا ۔پی آئی اے سے ریٹس ملنے کے بعد منگل کو حج پالیسی کو حتمی شکل دیے جانے کاامکان ہے ۔

متعلقہ عنوان :