پوپ فرانسس کی برسلز حملوں کی مذمت

جمعہ 25 مارچ 2016 11:43

روم ۔ 25 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مارچ۔2016ء) کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے برسلز حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسلحہ سازوں کو بھی ان حملوں کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع ابلاغ کے مطابق ایسٹر سے قبل اٹلی میں دعائیہ تقریب سے خطاب میں پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ مسلمان، عیسائی ، ہندو سب خدا کی مخلوق ہیں اور آپس میں بھائی ہیں، ہم پرامن طریقے سے رہنا چاہتے ہیں لیکن دہشتگرد خون ریزی اور بے امنی چاہتے ہیں۔

برسلز حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ دنیا میں اسلحہ بنانے والے بھی ان حملوں کے ذمہ دار ہیں ۔واضح رہے کہ بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں منگل کے روز ایئرپورٹ اور میٹرو اسٹیشن پر حملے میں 31 افراد ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔