ہائیکورٹ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر جاری حکم امتناعی میں 29مارچ تک توسیع کردی

وفاقی حکومت کی طرف سے حکم امتناعی ختم کرنے کیلئے دائر درخواست پر فریقین کے وکلاء کو مزید بحث کے لئے طلب

جمعرات 24 مارچ 2016 22:30

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مارچ۔2016ء )لاہور ہائیکورٹ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر جاری حکم امتناعی میں 29مارچ تک توسیع کر تے ہوئے وفاقی حکومت کی طرف سے حکم امتناعی ختم کرنے کیلئے دائر درخواست پر فریقین کے وکلاء کو مزید بحث کے لئے طلب کر لیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس شاہد کریم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔

(جاری ہے)

سول سوسائٹی کے دائر درخواست گزاروں کے وکلاء نے موقف اپنایا کہ فاضل عدالت نے 28جنوری کو حکم امتناعی جاری کرکے 11تاریخی عمارتوں کی 200فٹ کی حدود میں تعمیراتی کام سے روکنے کے احکامات دئیے تھے تاہم اس کے باوجود تعمیراتی کام کا سلسلہ جاری ہے جو کہ واضح طور پر توہین عدالت ہے۔سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے عدالت میں منصوبے کے خلاف جاری حکم امتناعی ختم کرنے کی درخواست جمع کراتے ہوئے موقف اپنایا کہ وفاقی حکومت نے اس منصوبے کے لئے فنڈز فراہم کئے ہیں جبکہ منصوبے کی تکمیل کے لئے متعلقہ محکموں سے اجازت لی گئی تھی۔

فاضل بنچ نے حکم امتناعی میں29 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی طرف سے حکم امتناعی ختم کرنے کے لئے دائر درخواست پر فریقین کے وکلاء کو مزید بحث کے لئے طلب کر لیا۔