پاکستان میں کوئی دوسرے درجے کا شہری نہیں ہے بانی پاکستان نے کہا تھا تمام مذاہب کے ماننے والوں کے حقوق و فرائض برابر ہیں،ایڈمنسٹریٹر کراچی

جمعرات 24 مارچ 2016 21:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مارچ۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی دوسرے درجے کا شہری نہیں ہے بانی پاکستان نے کہا تھا کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کے حقوق و فرائض برابر ہیں حکومت سندھ نے ہولی کے موقع پر عام چھٹی کا اعلان کرکے یہ پیغام دیا ہے کہ ہم سب ایک ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ہندو ملازمین کے محلے سولجر بازار کی بڑی گلی اور کمیونٹی ہال میں کمپیوٹر سینٹر قائم کرنے کے لئے 5 لاکھ روپے کا اعلان کیا جاتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ہندو ملازمین کے مذہبی تہوار ہولی کی خوشی میں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے پرانے محلے سولجر بازار میں ہندو ملازمین سے ملاقات اور ہولی کی مبارکباد دینے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مزدور یونین کے رہنما ذوالفقار شاہ ، ندیم شیخ ایڈوکیٹ، ڈاکٹر اے ڈی سجنانی، رضا عباس رضوی، عاتم پرکاش، ایڈمنسٹریٹر شرقی رحمت اﷲ شیخ، نانجی لال، رام کرپانا تھا لال اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے سولجر بازار کے پرانے اور تاریخی مندر شری پنچ مکھی ہنومان مندر کا بھی دورہ کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذہب کے ماننے والے لوگ اس گلدستے کے پھول ہیں جن سے پاکستان مہک رہا ہے اور یہی پاکستان کی خوبصورتی ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ صوفیا کرام کی سرزمین ہے اس لئے اس سرزمین پر برداشت بہت ہے سندھ کی ترقی میں ہر مذہب کے ماننے والوں نے کام کیا جس کی عوام نے بلاتخصیص اس کی پذیرائی کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام ملازمین کا شہر کی ترقی اور صاف کرنے میں اپنا اپنا کام اور مقام ہے ہم سب ایک ہیں اور سب مل کر اس شہر کو صاف کرتے ہیں اس لئے ہم صفائی پھیلانے والے لوگ ہیں انہوں نے کہا کہ ہندو ملازمین کی خوشی میں شامل ہو کر خوشی ہوئی ہے، ہندو ملازمین کے محلے میں زیر تعمیر کمیونٹی ہال کی تعمیر کو جلد مکمل کرلیا جائے گا جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے 5 لاکھ روپے کی خصوصی امداد دی جائے گی جس سے کمیونٹی ہال میں بچوں کے لئے کمپیوٹر سینٹر اور گلی کو پختہ کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے ہولی کے موقع پر چھٹی کا اعلان کرکے یہ پیغام دیا کہ ہم سب ایک ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ہندوملازمین کی تنخواہوں اور پینشن کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جسٹس ہیلپ لائن کے ندیم شیخ ایڈوکیٹ اور مزدور رہنما ذوالفقار شاہ نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے غریب ملازمین کے گھروں پر آکر ہولی کی مبارکباد دینا اور ان کے لئے مٹھائی کا تحفہ لانا ایک اچھی روایت ہے اس کو برقرار رہنا چاہئے اس سے ان غریب لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور ان کو خوش ہوگی کہ حکومت کا کوئی بڑا اہلکار ان کی خوشی میں شامل ہوا ہے، ہندو کمیونٹی کے نمائندوں نے اپنے مسائل کے ساتھ ساتھ ایڈمنسٹریٹر کراچی کو اپنے درمیان پا کر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہماری خوشیاں دوبالا ہوگئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :