سکھر فیسٹیول کی تقریبات دریائے سندھ کنارے شر وع

جی او سی پنوعاقل نے افتتاح کیا فیسٹول میں مختلف اشیاء کے اسٹالز کا اہتمام ، مقامی فنکاروں کی جانب سے فن کا مظاہرہ

جمعرات 24 مارچ 2016 18:18

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 مارچ۔2016ء) ڈویژنل ڈئریکٹوریٹ آف انفارمیشن سکھرکے مطابق سکھر فیسٹیول کی تقریبات دریائے سندھ کنارے تاریخی پارک لب مہران پر شروع ہوگئی ہیں، سکھ فیسٹیول کا افتتاح جنرل آفیسر کمانڈنگ پنوعاقل چھانونی 16 ڈویژن میجر جنرل فیض حمید نے کیا۔ اس موقع پر جی او سی نے یوم پاکستان کے حوالے سے کیک کاٹا اور غبارے آزاد ہوا میں چھوڑے، اس موقع پر کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ، ڈی آئی جی سکھر اظہر رشید خان، ڈپٹی کمشنر سکھر وحید اصغر بھٹی اور دیگر سرکاری و نجی شخصیات موجود تھی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی او سی پنوعاقل چھانونی میجر جنرل فیض حمید نے کہا کہ قوم کے پاس ایک منظم فوج موجود ہے، پاک فوج،رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کوششوں سے عوام کو خوف کے ماحول سے نکالا ہے، انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ملک اور قوم کو دہشتگردی سے مکمل طور پر نجات دلائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کی یہ تقریب تھری ان ون ہے، سکھر فیسٹیول سے عوام کو خوف سے نجات دلانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ دو سو ملین آبادی والا ایٹمی ملک ہے جس کے پاس ایک منظم فوج موجود ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں اور افسران کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، انشاء اللہ تمام جلد دہشتگردوں کو مکمل طور پر شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔جی او سی پنوعاقل نے مزید کہا کہ قیام پاکستان کی قرارداد کا مقصد بھی یہی تھا کہ خطے کے ہر مذھب اور نسل کے لوگوں کو آزادی سے اپنے مذہبی اور ثقافتے تہوار منانے اور آزادی سے زندگی بسر کرنے کی آزادی ہو، اور وہ پرامن رہ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کریگا۔ اس سے قبل کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے جی او سی پنوعاقل کو سکھر فیسٹیول کی خصوصی شیلڈپیش کی اور تقریر میں کہا کہ سکھر فیسٹیول سکھر کے باشندوں کے لیئے اس گھٹن کے ماحول میں تحفہ ہے، جس عوام کو آزاد فضا اور تفریح کا ماحول فراہم ہورہا ہے، جبکہ سکھر کی تاریخی حیثیت بھی اجاگر ہوگی۔

تقریب میں سکھر اور خیرپور کے ایس ایس پیز اور دیگر رہنما اور افسران بھی موجود تھے، جی او سے اور دیگر مہمانان نے مختلف اسٹالز کا معائنہ بھی کیا۔تقریب رات دیر تک جاری رہی جس میں طلبا اورطالبات نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے، جبکہ مقامی گلوکاروں اقبال لتا، نائلہ نیاز اور دیگر نے اپنے کلام پیش کئے اور سکھر کے شہریوں کو جھومنے پر مجبور کردیا۔

سکھر فیسٹیول کے موقع پر آئی بی اے، آئی آر سی، محکمہ اطلاعات سندھ، اسٹیٹ بینک، نیشنل بینک، سوشل ویلفیئر، سرسو اور دیگر محکموں اور اداروں کی جانب سے اسٹال لگائے گئے ہیں، جبکہ مختلف اداروں کی جانب سے پھولوں کی نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا ہے، جس میں لوگ گہری دلچسپی لے رہے ہیں، سکھر فیسٹیول ابھی تین دن اور جاری رہیگا، اختتامی تقریب ہفتہ کے روز 26مارچ کو لب مہران گراؤنڈ میں منعقد ہوگی ، جس میں ملک کے نامور گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :