الیکٹرانک ووٹنگ مشین آزمائشی طور پر منگوائی جا رہی ہیں،شیخ آفتاب

سمری منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوا دی ،منظوری کے بعد الیکشن کمیشن خریداری کیلئے ٹینڈر جاری کرے گا ، قومی اسمبلی میں اظہا ر خیال

جمعرات 24 مارچ 2016 18:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 مارچ۔2016ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہا ہے کہ 400 الیکٹرانک ووٹنگ مشین آزمائشی طور پر منگوائی جا رہی ہیں جس کی سمری منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوا دی گئی ہے منظوری کے بعد الیکشن کمیشن خریداری کیلئے ٹینڈر جاری کرے گا جبکہ پورے ملک کیلئے 4 لاکھ مشین کی ضرورت پڑے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وقفہ سوالات کے دوران کیا۔ انہوں نے رکن اسمبلی ساجدہ بیگم کے سوال کے جواب میں کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں صدارتی آرڈیننس جاری کیا گیا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا حق دیا جائے تاہم وقت کی کمی کی وجہ سے اس پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ اس حوالے سے انتخاباتی اصلاحاتی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں تمام پارٹیوں کے نمائندے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پارلیمانی کمیتی برائے انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیتی ڈاکٹر عارف علوی کی زیر سرپرستی تشکیل دی گئی ہے یہ کمیٹی بہت جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی اس کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے آزمائشی منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ مشینوں کی خریداری کا فیصلہ پارلیمنٹ کی ذیلی کمیتی برائے پارلیمنٹ کی انتخابی اصلاحات کے اراکین‘ وزارت آئی ٹی اینڈ تیلی کام اور نادرا کے اراکین سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے آر ایف پی کی منظوری دی گئی 400 مشینوں کی خریداری کیلئے سمری وزیراعظم کو بھجوا دی گئی ہے منظوری کے بعد جلد بین الاقوامی سطح کا تینڈر جاری کیا جائے گا۔ ان مشینوں کو ضمنی الیکشن میں استعمال کیا جائے گا۔ پورے ملک کیلئے 4 لاکھ مشینوں کی ضرورت ہے اور یہ مشینیں بہت مہنگی ہیں پہلے 400 مشینیں لا کر تجربہ کیا جائے گا۔ اس سوال پر زاہد حامد نے کہا کہ انڈیا میں جو مشینیں استعمال ہو رہی ہیں وہ صرف گنتی کیلئے استعمال ہوتی ہیں جبکہ ہم جو مشینیں منگوا رہے ہیں اس میں بیلٹ پیپر اور گنتی دونوں ہوں گے اور 300 بائیو میٹرک مشینوں کا بھی ٹینڈر جاری کیا جائے گا۔