نئی تجارتی پالیسی میں ویلیو ایڈیشن، تحقیق، تنوع، تخلیق اورجدت انتہائی خوش آئند ہے، میاں زاہد حسین

جمعرات 24 مارچ 2016 17:37

اسلام آباد ۔ 24 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مارچ۔2016ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ نئی تجارتی پالیسی میں ویلیو ایڈیشن، تحقیق، تنوع، تخلیق اورجدت پر زور دیا گیا ہے جو انتہائی خوش آئند ہے کیونکہ اس سے خام مال کے بجائے ویلیو ایڈڈ اشیاء کی برآمد بڑھے گی۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے کھانے پینے کی چیزوں سمیت کئی درآمدی اشیاء سستی ہو جائیں گی جس سے انکی درآمد میں اضافہ ممکن ہے جو عام آدمی کیلیئے بہتر جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر کیلیئے ٹھیک نہیں۔

تجارتی پالیسی میں روایتی منڈیوں کے ساتھ خطے کے ممالک سے تجارت پر زور دیا گیا ہے تاہم اس کا فائدہ اسی وقت ہو گا جب غیر ملکی مشنز میں میر ٹ پر تعیناتیاں کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کے دورے سے باہمی تجارت کے سلسلے میں اہم فیصلوں کی امید ظاہر کی گئی ہے جو گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ پاک بھارت تجارت کو مذاکرات کی بحالی سے مشروط کیا گیا ہے جبکہ تجارت کوسیاست سے الگ رکھنے کا تجربہ کیا جاتا تو بہتر رہتا تاکہ تجارتی حجم بڑھتا۔ٹریڈ پالیسی میں تاجروں، صنعتکاروں، کاشتکاروں اور بعض دیگر شعبوں کو مراعات دی گئی ہیں مگر ان پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے تاکہ مثبت نتائج سامنے آ سکیں۔

متعلقہ عنوان :