ایرانی صدر حسن روحانی کے دورے سے پاکستان اور ایران کے دو طرفہ تعاون اور تجارت کے نئے دور کا آغاز ہو گا، عبدالرؤف عالم

جمعرات 24 مارچ 2016 17:37

اسلام آباد ۔ 24 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مارچ۔2016ء) وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم نے کہا ہے کہ ایران کے صدر حسن روحانی کے دورے سے پاکستان اور ایران کے مابین دو طرفہ تعاون اور تجارت کے نئے دور کا آغاز ہو گا جس سے دونوں ممالک قریب آئینگے اور ان کی معیشت کے علاوہ سارے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

ایران پر سے پابندیاں اٹھنے کے بعد صورتحال بدل رہی ہے جس تناظر میں یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے۔ جمعرات کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر دورے کے دوران بجلی، گیس، پٹرول اور پٹرولیم مصنوعات کی پاکستان برامد پر بات کرینگے جبکہ اٹھارہ سو کلو میٹر طویل پاک ایران پائپ لائن جو پابندیوں کی زد میں ہے پر بھی بات چیت ہو گی جس میں پیش رفت متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ایف پی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانا موجودہ حکومت کی ترجیح ہے تاکہ معاشی استحکام حاصل کیا جا سکے جس میں ایران بنیادی کردار ادا کر سکتا ہے۔ ایرانی صدر کاروباری برادری سے خطاب کرینگے جسکے بعد دونوں ممالک کے وفاقی چیمبروں کے صدور پاک ایران چیمبر آف کامرس کی بنیاد رکھنے کیلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کونسل کی میٹنگ اور بزنس ٹو بزنس میٹنگز اسکے علاوہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :