لاڑکانہ میں قبضہ مافیا نے ڈیرے جمانا شروع کردیئے،کارروائی نہ ہونے پر شہری پریشان

جمعرات 24 مارچ 2016 17:32

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مارچ۔2016ء) لاڑکانہ میں قبضہ مافیا نے ڈیرے جمانا شروع کردیئے، پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے تاحال قبضہ مافیا کے خلاف کاروائی نہ کرنے پر شہری پریشان۔ جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ بصورت دیگر احتجاج کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق لاہوری محلہ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے لاہوری محلہ میں احتجاجی اجلاس طلب کیا گیا جس میں علاقے کے معززین اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر سوسائٹی کے چیئرمین نظیر میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے اندر قبضا مافیا زور پکڑچکی ہے، عوامی اور سرکاری املاک پر قبضہ کرنے کے حرکات دن بہ دن بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہوری محلہ میں ایم سی بی بینک کے قریب گلی میں قبضہ مافیا کے سرغنہ جبار میمن نے قبضہ کرکے دوکان بنالیئے ہیں اور حال ہی میں شاہ لطیف مارکیٹ پر بھی قبضے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ اگر شہر میں سے قبضا مافیا کا خاتمہ نہ کیا تو بصورت دیگر شہری سخت احتجاج کریں گے۔