اپوزیشن کی مخالفت کے باعث پی آئی اے کی نجکاری کا بل ملتوی ہوا، ایاز سومرو

قومی اداروں میں کام کرنیوالے ہزاروں ملازمین کو آزمائشوں میں نہیں ڈالنا چاہتے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملکی اداروں کی فلاح و بہبود کیلئے کردار ادا کیا، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 24 مارچ 2016 17:25

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر و ایم این اے محمد ایاز سومرو نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی مخالفت کے باعث پی آئی اے کی نجکاری کا بل ملتوی ہوا، ہم قومی اداروں میں کام کرنے والے ہزاروں ملازمین کو آزمائشوں میں نہیں ڈالنا چاہتے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملکی اداروں کی فلاح و بہبود کے لیے کردار ادا کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔

لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ آمر جنرل پرویز مشرف کو فرار کرنے کے بعد وفاقی حکومت انٹرپول کی باتیں کرکے عوام کو گمراہ نہ کرے، دنیا بھر میں جمہوریت پسندوں کے سر وفاقی حکومت کے اس عمل سے جھک گئے ہیں۔ خود کو جمہوریت پسند کہنے والے افراد نے ایک ڈکٹیٹر کو راستہ مہیا کرکے عوام کے ساتھ زیادتی کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز حکومت کے قول و عمل میں فرق آچکا ہے، عوام ماضی میں جس طرح رد کرچکے تھے اب ان کا حال ایسا ہی ہوگا۔

محمد ایاز سومرو نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 37 ویں برسی گڑھی خدابخش بھٹو میں 4 اپریل کو منائی جائے گی جس کے لیے انتظامات زور و شور سے جاری ہیں، گڑھی خدابخش بھٹو میں ہونے والے جلسے میں بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے تاہم سابق آصف علی زرداری زیر علاج ہیں، اگر ڈاکٹروں نے اجازت دی تو وہ بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

محمد ایاز سومرو نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی ترجیع امن امان کو بحال کرنا تھا جس میں وہ مکمل کامیاب رہے، اب سندھ کے عوام بغیر کسی خوف و خطر دن ہو یا رات محفوظ سفر کررہے ہیں، کراچی کی رونقیں واپس آچکیں، سندھ کے معاملے پر سیاست کرنا بند کی جائے اور کوئی بھی اس خام خیالی میں نہ رہے سندھ کے عوام پہلے بھی سازشوں کو ناکام کرچکے اور اب بھی ایسے عناصر کو پہنچان چکی ہے اور ایسے سازش کو ناکام بنائیں گے۔