پاکستان ،ایران مذہبی ،ثقافتی اور جغرافیائی لحاظ سے ایک دوسرے کے قریب ہیں،عنایت اللہ

خیبرپختونخوا میں قدرتی وسائل وافر مقدار میں موجودہیں ،امن وامان کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے ،دونوں ممالک مذکورہ شعبوں میں تعاون کی فضاء مزیدآگے بڑھا سکتے ہیں،سینئروز یرخیبرپختونخوا

جمعرات 24 مارچ 2016 17:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مارچ۔2016ء) سینئر صوبائی وزیربرائے بلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ سے جمعرات کے روز ایرانی قونصل جنرل محمد ۔بی بیگی نے ان کے دفتر پشاورمیں ملاقات کی۔ وہ صوبائی وزیر کے ساتھ کچھ دیر تک رہے اورانہوں نے باہمی دلچسپی کے اموراوردوطرفہ تعلقات کے علاوہ صنعت وتجارت ،بلدیات ،توانائی ،زراعت اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کے فروغ اور دونوں ممالک کے قریبی روابط مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ۔

سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ نے ایرانی قونصل جنرل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورایران کے درمیان باہمی برادرانہ تعلقات موجود ہیں اوردونوں ممالک مذہبی ،ثقافتی اور جعرافیائی لحاظ سے ایک دوسرے کے قریب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں قدرتی وسائل وافر مقدار میں موجودہیں اورامن وامان کی صورتحال میں بھی بہتری آرہی ہے اوراس تناظر میں دونوں مسلم ممالک مذکورہ شعبوں میں ایک دوسر ے کے ساتھ تعاون کی فضاء کو مزیدآگے بڑھا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

محمد۔بی بیگ نے پشاور سسٹر سٹی اورہائیڈل پاورمیں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے ان شعبوں میں کام کرنے کی یقین دہانی کرائی تاکہ دونوں برادرممالک کے عوام کو مزید قریب لانے کے ساتھ ساتھ ا نہیں بہتر مواقع فراہم کی جاسکیں ۔ ایرانی قونصل جنرل نے صوبائی وزیر بلدیات کو ایران کادورہ کرنے کی بھی دعوت دی جوانہوں نے قبول کرلی ۔