پاکستان کے عالمی مارکیٹ میں اہم کردار کو تسلیم کرانے کیلئے اعلیٰ تعلیم کو اولین ترجیح دی جانی چاہئے، وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کی ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی سے گفتگو

جمعرات 24 مارچ 2016 17:16

اسلام آباد ۔ 24 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مارچ۔2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کے عالمی مارکیٹ میں اہم کردار کو تسلیم کرانے کیلئے اعلیٰ تعلیم کو اولین ترجیح دی جانی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم اولین ترجیح ہونی چاہئے اور پاکستان مستقبل قریب میں عالمی مارکیٹ میں بہت اہم کردار ادا کرے گا۔ سرتاج عزیز نے قومی اور بین الاقوامی سطح میں اسلامی یونیورسٹی کی خدمات کی تعریف کی اور امید کی کہ مستقبل قریب میں اسلامی یونیورسٹی پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کی قیادت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یونیورسٹی کے معاملات پر ریکٹرجامعہ سے ساتھ اپنے خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی اپنے تعلیمی پروگراموں کو وسیع کرنے اور جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنے پر کام کرے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ حکومت پاکستان اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور اس میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر رہی ہے اوراعلیٰ تعلیم کے خواب کوپورا کرنے میں موجودہ حکومت گہری دلچسپی لے رہی ہے۔ ڈاکٹر معصوم نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اسلامی یونیورسٹی کی خدمات اور کردار پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ جامعہ کو بہترین اساتذہ ، دانشوروں اور محقیقین کی خدمات حاصل ہیں۔ ریکٹر جامعہ نے پاکستان کی قومی ترقی میں اسلامی یونیورسٹی کے کردار اور یونیورسٹی کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلامی یونیورسٹی اسلامی تعلیمات سے مزین پرامن ہنر مند پیشہ ور افراد پیداکر رہی ہے۔