وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی ہولی کے تہوارپر ہندو برادری کو مبارکباد

بدھ 23 مارچ 2016 20:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہولی کے تہوار کے موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہندو برادری کے نام پیغام میں کہا کہ ہولی کا تہوار بھائی چارے اور خیر سگالی کے جذبات پیدا کرتا ہے اور یہ رنگا رنگ تہوار جوش و جذبے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور مذہبی آزادی حاصل ہے اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرکے قومی دھارے میں شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ اقلیتوں کیلئے ملازمتوں میں مختص کردہ کوٹے پر پوری طرح عملدرآمد ہو رہا ہے۔ اقلیتی برادری کے مقدس مقامات کی دیکھ بھال اور تزئین و آرائش حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور اس کے تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے پاکستان کا عالمی سطح پر سافٹ امیج اجاگر ہوا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہو کر بھائی چارے اور امن کا پیغام عام کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :