اردودنیا کی سب سے شیریں زبان ہے،جاپانی پروفیسر

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 23 مارچ 2016 20:27

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 23 مارچ۔2015ء) :پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج شعبۂ اردومیں اوساکا یونیورسٹی جاپان کے استاد ڈاکٹر ماکوتوکیتادا کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیاجس کی صدارت چیئرمین شعبۂ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کی جبکہ ڈاکٹر ضیاء الحسن، ڈاکٹر مرغوب حسین طاہرکے علاوہ دیگر فیکلٹی ممبران بھی موقع پر موجود تھے۔

اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر کیتا دا نے اردو کو دنیا کی سب سے شیریں زبان قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ اردو اور پاکستان کی علاقائی زبانوں میں شعر و ادب کا ایک بے مثال خزانہ موجود ہے۔ تقریب کے مہمانِ اعزاز، اوساکا یونیورسٹی جاپان کے استاد ڈاکٹر مرغوب حسین طاہر تھے۔ انھوں نے ڈاکٹر کیتادا کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ وہ ماہرلسانیات ہیں اور سنسکرت، ہندی، عربی، فارسی، انگریزی اور اردو کے علاوہ پاکستان کی علاقائی زبانوں سے بھی شناسائی رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے لوگوں کا ممنون ہونا چاہیے کہ اپنے ممالک میں اردو سے محبت کا چراغ روشن کیے ہوئے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے معزز مہمانان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شعبۂ اردو، اورینٹل کالج، عظیم علمی و ادبی روایات کا امین ہے۔ اس لیے دنیا بھر سے اردو سے محبت کرنے والے اس ادارے میں آنا باعثِ فخر سمجھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نصاب کی اہمیت مسلمہ ہے مگر اہلِ علم کی گفتگو، طلبہ و طالبات کے علمی و ادبی ذوق کی آبیاری کرتی ہے، اس لیے شعبۂ اردو میں ایسی نشستوں کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :