محکمہ کسٹم انٹیلی جنس تاجروں کوبلا وجہ حراساں کرنے کا سلسلہ بند کرے‘ لاہور ٹریڈرز وائٹس فورم

سمگلنگ کا مال شہروں میں داخل ہونے سے پہلے پکڑنے کیلئے محکمہ کسٹم انٹیلی جنس اپنی چیکنگ کادائرہ کارمزید سخت کرے ‘ سرداراظہر سلطان

بدھ 23 مارچ 2016 19:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2016ء) لاہور ٹریڈرز رائٹس فورم کے صدر و انجمن تاجران ہال روڈ کے تاجر رہنما سردار اظہر سلطان اور وائس چیئرمین راؤ خورشید علی نے کہا ہے کہ محکمہ کسٹم انٹیلی جنس کی جانب سے تاجروں کوبلا وجہ حراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے ، اس سے تاجروں اور محکمہ کسٹم انٹیلی جنس کے درمیان کشیدگی کا اندیشہ ہے ۔

محکمہ کسٹم انٹیلی جنس کے بلا جواز چھاپوں اور مال پکڑنے سے پہلے بارڈرز پر سمگلنگ کا مال روکنے اور پکڑنے کیلئے اقدامات کریں ، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔ سردارا ظہر سلطان نے کہا کہ تمام محب وطن تاجر حکومت کو ٹیکس ادا کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ ریاست چلانے کیلئے ریونیو کی ضرورت ہے ، ہم خود چاہتے ہیں کہ سمگلنگ مافیا کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے تاہم سمگلنگ مافیا کی آڑ میں ٹیکس اور ڈیوٹیز ادا کرنے والے تاجروں کو ہرگز تنگ یا حراساں نہ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

لاہور ٹریڈرز رائٹس فورم کے وائس چیئرمین راؤ خورشید علی نے کہا کہ محکمہ کسٹم انٹیلی جنس اپنی ناقص کارکردگی چھپانے کی بجائے بارڈر اور شہروں میں سمگلنگ کا مال داخل ہونے سے قبل پکڑیں ، یہ کوئی طریقہ کار نہیں کہ جب مال مارکیٹوں کی دکانوں میں پہنچ جاتا ہے تو اس وقت محکمے کے اہلکار آکر تاجروں کو حراساں کرنا شروع کر دیتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ محکمہ کسٹم انٹیلی جنس کو چاہیے کہ وہ اپنی چیکنگ کا دائرہ کار وسیع کریں اور چیکنگ کا طریقہ کار مزید سخت کرے تاکہ سمگلنگ کا مال شہروں میں داخل ہونے سے قبل ہی پکڑ ا جائے ۔

کیونکہ جب مال مارکیٹوں میں پہنچ جاتا ہے اور محکمہ کی جانب سے بغیر یہ جانے کہ مال کی ڈیوٹی ادا ہو چکی ہے یا نہیں ،مال اٹھا کر لے جانے کی وجہ سے تاجروں کو شدید رسوائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور انکی عزت نفس بھی مجروح ہوتی ہے ۔اگر فوری طور پر محکمہ کسٹم انٹیلی جنس نے اپنا طریقہ کار تبدیل نہ کیا تو مارکیٹوں میں محکمہ انٹیلی جنس کے اہلکاروں کو تاجروں کی جانب سے شدید رد عمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :