تعلیم کا ترقیاتی بجٹ میٹرو بسوں کی سبسڈی سے کم ہے، مقررین

قائد اعظم ؒکا پاکستان چند کھرب پتی خاندانوں کی چراگاہ میں تبدیل ہو چکا ہے ، آئین کے 40آرٹیکل پر عمل کا مطالبہ کرنے والے ڈاکٹر طاہر القادری پر 40مقدمے بن گئے‘ سیمینار سے خرم نواز گنڈا پور،جی ایم ملک ،محمود فیضی،خواجہ عامر فرید کریجہ و دیگر کا خطاب

بدھ 23 مارچ 2016 19:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2016ء)پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہاکہ تعلیم دشمن کرپٹ حکمرانوں اور ظالم نظام نے پاکستان کی ترقی کا پہیہ روک رکھا ہے ،میٹرو بسوں کی سبسڈی ، تعلیم کے ترقیاتی بجٹ سے زیادہ اہم ہے ،8سال میں ایک فی صد شرح خواندگی نہیں بڑھی ۔

حکمران اورنج ٹرین اور میٹرو بسیں خود چلانا چاہتے ہیں جبکہ کالجز اور سکول نجی شعبہ کے حوالے کر رہے ہیں ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے آئین کے پہلے 40آرٹیکلز پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا تو ان پر دہشت گردی کے 40مقدمے بنا دئیے گئے ،قائد اعظم ؒ نے غریب کیلئے پاکستان حاصل کیا تھا جو آج چند کھرب پتی خاندانوں کی چراہ گاہ میں تبدیل ہو چکا ہے ،عوام جب تک تماشا دیکھتے رہیں گے تماشہ ہوتا رہے گا۔

(جاری ہے)

سیمینار کی صدارت مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کی ،سیمینار سے خواجہ عامر فرید کوریجہ ، جی ایم ملک،ڈاکٹر ہرمن، محمود فیضی ،راشد کلیامی ،ساجد بھٹی،نور اﷲ صدیقی،ناصر ایڈووکیٹ ،راجہ زاہد ، شہزاد رسول،حاجی اسحق، عدنان جاوید ،مدثرہ بلوچ،محمد طیب ، علی وقار،انعم ناکی نے خطاب کیا ۔خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ 23مارچ 1940کے دن جب پاکستان کیلئے قرارداد منظور کی جا رہی تھی تو منٹو پارک گراؤنڈ میں موجود ہر ذی نفس مطمئن تھا کہ اب انہیں تحفظ ملے گا ،باعزت روزگار ملے گا اور وہ آزادی کے ساتھ اپنے سیاسی ،سماجی ،مذہبی امور ادا کر سکیں گے ،مگر افسوس 70سال کے بعد بھی غریب کو اس کا حق نہیں ملا ،انصاف نا پید ہے اور قومی وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کی بجائے وفاداریوں کی خرید و فروخت پر خرچ رہے ہیں جو سرکاری افسر ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کی جانیں لینے میں حکمرانوں کی انگلی پر ناچے اس توقیر شاہ کو سفیر بنا کر ترقی سے نواز دیا جا تا ہے اور جو آفتاب چیمہ سیاسی کارکنوں پر ظلم ڈھانے سے انکار کر دے سنیارٹی کے باوجود اسکی ترقی روک لی جاتی ہے ،انہوں نے کہاکہ قائد اعظم کے پاکستان کو لٹیروں کی چنگل سے نجات دلا کر دم لیں گے ،ڈاکٹر طاہر القادری کا 10نکاتی ایجنڈا قائد اعظم کے پاکستان کو دوبارہ انکا پاکستان بنائے گا ،ہمارا انقلاب تعلیم،ترقی اور شعور کا انقلاب ہے ۔

ہمارے 14کارکنوں ظالموں کو للکارتے ہوئے شہید ہوئے 14سو بھی مار دئیے گئے پھر بھی ظالم نظام کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے ۔