یوم پاکستان پر بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری رہی ،پانی کا بحران بھی شدید ہونے لگا،مظاہرے

مختلف شہری علاقوں میں5سے 7،دیہی علاقوں میں 9سے 11گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی گئی

بدھ 23 مارچ 2016 19:32

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2016ء)یوم پاکستان پر بھی لوڈ شیڈنگ کا جن بوتل میں بند نہ ہو سکا ، شہری اور دیہی علاقوں میں بجلی کی گھنٹوں بندش سے عوام شدید مشکلات کا شکار رہے ،مختلف علاقوں میں پانی کا بحران شدید ہونے لگا جسکے خلاف مظاہرے کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق موسم کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی پنکھے چلنے کے باعث بجلی کی طلب بھی بڑھ گئی ہے جسکے باعث لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مختلف شہری علاقوں میں 5سے 7جبکہ دیہی علاقوں میں9سے 11گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔ لوڈ شیڈنگ کیوجہ سے شہری مسلح افواج کی پریڈ بھی نہ دیکھ سکے ۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی پیداوار میں طلب کے مقابلے میں اضافہ نہیں ہو سکا جسکی وجہ سے آنے والے دنوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ مزید بڑھنے کا اندیشہ ہے ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں بجلی کی بندش کے ساتھ پانی کا بحران بھی شدید ہونے لگا ہے ۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ لاہور کے علاقہ محمد نگر کے رہائشیوں نے کئی روز سے پانی کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق میٹرو ٹرین بس کے روٹ پر کھدائی کیوجہ سے بھی پانی کی مین لائنوں کی منتقلی کی وجہ سے پانی کا بحران شدید ہو گیا ہے جسکی وجہ سے عوام کو پینے کے لئے بھی پانی دستیاب نہیں۔