قرار داد پاکستان اور روداد قیام پاکستان ہمارا قیمتی اثاثہ ہے،سردار شیر علی خان گورچانی

آج کے دن پاکستان کوبانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق ڈھالنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا،ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی یوم پاکستان پر مبارکباد

بدھ 23 مارچ 2016 19:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 مارچ۔2016ء ) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے یوم پاکستان کے موقع پر پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قرار داد پاکستان اور روداد قیام پاکستان ہمارا قیمتی اثاثہ ہے۔ قرارداد پاکستان علیحدہ وطن کے حصول کیلئے آزادی کی جدوجہد میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔23مارچ کا دن ہمیں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی اس عظیم جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے ہندوستان کے مسلمانوں کے لئے الگ مملکت کے قیام کے لئے کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آج کے دن پاکستان کوبانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق ڈھالنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔آج وطن عزیزدہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے سنگین مسائل سے دوچارہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک و قوم کو دہشت گردی، انتہاپسندی اور توانائی بحران سے نکالنے کیلئے سنجیدہ اورمخلصانہ کاوشیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد ،تنظیم،محنت اور دیانت جیسے رہنما اصولوں کو اپناکر ہی پاکستان کو ترقی کی منزل سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے۔بین الاقوامی برادری میں باعزت مقام حاصل کرنے کیلئے قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں آگے بڑھناہوگا۔ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کو دنیا میں باوقار مقام دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔