26 مارچ کو رحیم یار خان میں بلاول بھٹو زرداری کا جلسہ عام آئندہ کی ملکی و سیاسی صورتحال کی نئی راہیں متعین کریگا‘پیپلز پارٹی مزدوروں ، کسانوں ، طالب علموں اور دانشوروں کا اتحاد ہے،پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی باتیں کرنیو الے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ، عوام آج بھی شہید بھٹو اور شہید بی بی سے وفاداری کا دم بھرتے ہیں

پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کا بیان

بدھ 23 مارچ 2016 16:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2016ء) پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمدمحمود نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مزدوروں ، کسانوں، طالب علموں اور دانشوروں کا اتحاد ہے، 26 مارچ کو جمال دین والی ، رحیم یار خان میں بلاول بھٹو زرداری کا جلسہ عام آئندہ کی ملکی و سیاسی صورتحال کی نئی راہیں متعین کریگا، پنجاب میں پیپلز پارٹی کے خاتمہ کی باتیں کرنیوالے غلط فہمی کا شکار اور تخت لاہور والے سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔

یہ بات انہوں نے جنوبی پنجاب کے سینئر ایڈوائزر عبدالقادر شاہین کے ہمراہ میڈیا آفس سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہی ۔ مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ ملک و قوم پر مسلط حکمران ٹولہ کے دعوے حقائق کے برعکس ہیں۔

(جاری ہے)

عوام مہنگائی ، بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ کے عذاب سے تنگ آ چکے ہیں۔ قومی خزانے میں ساڑھے 18، ارب ڈالر زر مبادلہ کے دعوے قوم کو دھوکہ دینے کی کوشش ہے۔

جنوبی پنجاب کے کسانوں کے لئے موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت پنجاب کی پالیسیاں انہیں زندہ درگور کرنے کی مترادف ہیں۔ انہیں مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ فصلوں کی کاشتکاری نہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور نظریہ بھٹو غریب عوام کے دکھوں کے مداوے کا نام ہے۔ پیپلز پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ملک کے اندر جمہوریت کی مضبوطی اور اداروں کی بالا دستی کے لئے پارلیمنٹ کے اندر قانون سازی سمیت سیاسی رواداری کے کلچر کو فروغ دیا۔

اوچھے منفی غیر آئینی ہتھکنڈوں سے پیپلز پارٹی کو دبایا نہیں جا سکتا۔ ہم جمہوری سسٹم کیخلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ قربانیاں دینے والے مخلص کارکن ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو اپنی ملکیت سمجھنے والے غلط فہمی کا شکار ہیں اور پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی باتیں کرنی والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

عوام آج بھی شہید بھٹو ، اور شہید بی بی سے وفاداری کا دم بھرتے ہیں۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی کو مضبوط اور فعال بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، جبکہ حکمران ٹولہ ترقیاتی کاموں کی آڑ میں کمیشن کھانے اور اپنی نا اہلی سمیت عوامی و قومی مسائل پر عدالتی کمیشن بنا کر سیاست چمکانے کے لئے عوام کو بے وقوف اور اقتدار کو طول دینے میں مصروف ہے۔ انکی تمام ترتوجہ اہم مسائل کو حل کرنے کی بجائے میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین جیسے نمائشی منصوبوں پر ہے۔

انکی کارکردگی کا علام یہ ہے کہ ملک کو گروی رکھ کر بیرونی قرضے لے کر معیشت کو چلایا جا رہا ہے۔ مخدوم احمد محمود نے مزید کہا کہ موجودہ غیر یقینی جیسی صورتحال میں ملک جن مسائل اور مشکلات سے دو چار ہے۔ پیپلز پارٹی خاموش تماشائی نہیں بنے گی۔ بلکہ ایسی نازک صورتحال میں ہر ایشوز پر سیاست کرے گی اور اپنا آئینی و قانونی کردار ادا کرنے کے لئے بھر پور جدوجہد کرے گی۔ نواز شریف کیلئے بہتر یہی ہو گا کہ وہ 90 کی دہائی کی سیاست کو دوبارہ دہرانے سے گریز کریں وگرنہ ان کی انتقامی سیاست کے نتائج بھیانک نکلیں گے، بلاول بھٹو زرداری وفاق پاکستان کی ضمانت ہیں اور آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی۔