پاکستان نیوی نے یوم ِپاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا

بدھ 23 مارچ 2016 16:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2016ء) پاکستان نیوی نے یومِ پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا۔یہ دن قوم کو اُن بلند تصورات کی یاد دلانے کے لئے منایا جاتا ہے جن کی بنیاد پر پاک وطن معرضِ وجود میں آیا جب برِ صغیرپاک و ہند کے مسلمانوں نے متحدہ ہندوستان میں آباد مسلمانوں کے حقوق کے تقدس کی حفاظت کے لئے الگ وطن کے مطالبے کا اعلان کیا۔

دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور پاک بحریہ کی مساجد میں ملک کی بقا اور سا لمیت کی خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ پاک بحریہ کے جہازوں اور یونٹس پر چراغاں کیا گیااور جہازوں و یونٹس کے کمانڈنگ آفیسرز نے آفیسرز اور سی پی اوز/سیلرز/سویلینز سے خطابات کئے جن میں یومِ پاکستان کی اہمیت کو اُجاگر کیا گیا۔یومِ پاکستان کے دن کی سب سے اہم تقریب شکر پڑیاں اسلام آباد میں منعقدہ مسلح افواج کی جوائنٹ سروسز پریڈ تھی۔

(جاری ہے)

پاک بحریہ کا چاق و چوبند دستہ یومِ پاکستان پریڈ کا حصہ تھا۔ علاوہ ازیں خواتین نیول آفیسرز، خواتین میڈیکل ٹیکنیشینز اور اسپیشل سروسز گروپ سکائی ڈائیونگ ٹیم بھی جوائنٹ سروسز پریڈ میں شامل تھیں۔مزید برآں، پاکستان نیوی کے ایئرکرافٹ پی تھری سی اورین اور Z9ECہیلی کاپٹرز نے بھی یومِ پاکستان پریڈ کے فضائی مظاہرے میں شرکت کی۔فلائی پاسٹ میں حصہ لینے والے پی تھری سی اورین ایئر کرافٹ کی فارمیشن کی قیادت پاکستان نیوی کے کیپٹن عدنان نے کی۔

پی تھری سی اورین ، لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ایئرکرافٹ ہیں جو ”فلائنگ ڈسٹرائر “ کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ یہ ایئرکرافٹ اینٹی سرفیس میزائلوں، اینٹی سب میرین تارپیڈوز، ڈیپتھ چارجز، بموں اور بارودی سرنگوں سے لیس ہیں۔”سٹنگرے“ کے نام سے جانے والے پاکستان نیوی کے Z9ECہیلی کاپٹرز جدید ریڈار اور ڈِپنگ سونار(Dipping Sonar) سے لیس ہیں۔

دشمن کی آبدوزوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کے حامل ان ہیلی کاپٹرز پر تارپیڈوز اور ڈیپتھ چارجز جیسے مہلک ہتھیار بھی نصب ہیں۔اسپیشل سروسز گروپ (نیوی) ٹیم کی قیادت کمانڈر کاشف رضانے کی جو مسلح افواج کی سکائی ڈائیونگ ٹیم کا حصہ تھی۔اس ٹیم نے مختلف فری فال جمپنگ تکنیک کا مظاہرہ کیا جن میں پیچیدہ حربی چالیں اور مکمل درستگی کے ساتھ اپنے اپنے ٹارگٹ پر اُترنا شامل تھا۔

متعلقہ عنوان :