دنیا کے مختلف ممالک میں بھی یوم پاکستان کی تقاریب کا اہتمام

پاکستانی سفارتخانو ں میں پرچم کشائی،صدر مملکت اور وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے یوم پاکستان کی پریڈ دہشت گردوں کے لئے بڑا پیغام ہے ،جلیل عباس جیلانی

بدھ 23 مارچ 2016 15:11

نئی دہلی،بیجنگ،کابل ،انقرہ،واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 مارچ۔2016ء) ملک بھر کی طرح دنیا کے مختلف ممالک میں بھی یوم پاکستان ملی جوش و جذبہ سے منایا گیا،چین میں پاکستان کے سفیر خالد نے بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ میں پرچم کشائی کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان اقتصادی ترقی ،عوام کی خوشحالی اور خطہ میں امن اور سلامتی کے لئے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کام کررہے ہیں اس کے علاوہ شنگھائی ،چینگ ڈو،گوانگ زو اور ہانگ کانگ میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ،ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں بھی پاکستانی سفارتخانہ میں یوم پاکستان کی تقریب ہوئی جس میں سفیر سہیل محمود نے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرایا اور پاکستان کی آزادی کی تاریخی جدوجہد اور پاک ترک تعلقات پر روشنی ڈالی اس موقع پر پاکستان ایمبیسی سکول کے طلباء نے قومی ترانہ سنایا اور ملی نغمے پیش کئے ،ابو ظہبی میں بھی پاکستانی سفارتخانہ نے یوم پاکستان کو جوش و جذبہ سے منایا ،سفیر آصف درانی نے پرچم کشائی کے بعد تقریب کے شرکاء سے خطاب کیا،ایران میں پاکستانی سفیر نور محمد جادمانی،نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط،فرانس میں پاکستان کے سفیر غالب اقبال اور افغانستان میں پاکستان کے سفیر سید ابرار حسین نے یوم پاکستان کی مناسبت سے تقاریب منعقد کیں اور قومی پرچم لہرائے ،اس موقع پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جبکہ تارکین وطن پاکستانیوں کے بچوں نے قومی ترانے پڑھ کر سنائے اور ملی نغمے پیش کئے ،واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں بھی یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب ہوئی اس موقع پر امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ یوم پاکستان کی پریڈ دہشت گردوں کے لئے بڑا پیغام ہے ،پاکستان میں امن واپس آرہا ہے ،معیشت تیزی سے بہتر ہور ہی ہے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک قوم اور فوج ڈٹی رہے گی۔