کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 میں انتخابی گہما گہمی کا آغاز کردیاگیا

بدھ 23 مارچ 2016 14:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2016ء) کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 میں انتخابی گہما گہمی کا آغاز کردیاگیاہے ،جہاں7 اپریل کو ضمنی انتخاب ہوں گے۔4 لاکھ سے زائد ووٹرز کے لیے 227پولنگ اسٹیشنز قائم کیئے گئے ہیں،سیاسی جماعتوں نے بھی انتخابی دفاتر کھول لئیے ہیں۔کراچی میں انتخابات کا موسم پھر پلٹ آیاہے اس بار معرکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 پر ہے، جونیو کراچی، نارتھ ناظم آباد اور ناظم آباد کے علاقوں پر محیط ہے۔

حلقے میں 4 لاکھ9 ہزار 655 ووٹرز7 اپریل کو اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ندیم حیدر نے بتایا کہ انتخابات کے موقع پر 227 پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے اور جلد سیکیورٹی پلان بھی تیار کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں نے بھی تیاریاں شروع کردی ہیں۔این اے 245 کی دفاعی چیمپین ایم کیوایم نے حلقے میں انتخابی دفاتر کھول دئیے ہیں۔

متحدہ کے امیدوار کمال ملک کاکہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں کم ٹرن آؤٹ کی روایت توڑ دیں گے راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تو تحفظات الیکشن کمیشن تک پہنچائیں گے۔این اے 245 میں 10 آزاد امیدواروں سمیت 16 امیدوار مدمقابل ہونگے،ایم کیوایم کے علاوہ پیپلزپارٹی،پی ٹی آئی اور پاسبان کے امیدوار بھی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔