گیر یژن کمانڈر میجر جنرل سردار طارق امان نے یوم پاکستان کے سلسلہ میں ایوب اسٹیڈیم میں اسلحہ کی شاندار نمائش کا افتتاح کیا

بدھ 23 مارچ 2016 14:40

لاہور۔23 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 مارچ۔2016ء ) یوم پاکستان کے سلسلہ میں ایوب اسٹیڈیم میں اسلحہ کی شاندار نمائش کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح گیر یژن کمانڈر میجر جنرل سردار طارق امان نے کیا،اس سلسلہ میں منعقدہ خصوصی تقریب میں فوج کے زیر استعمال جدید حربی اور ضربی اسلحہ و آلات کی نمائش کی گئی جس میں عوام نے گہری دلچسپی لی اور ایوب اسٹیڈیم سکولوں کے بچوں، خواتین، جوانوں اور بزرگوں سے کچھا کھچ بھرا رہا جنہوں نے افواج پاکستان کے جدید آلات حرب دیکھے، تقریب کے آغاز میں آرمی پبلک سکول کے بچوں کے ملّی نغمے، آرمی بینڈ کی مسحورکن دھنیں اور پاکستان رینجرز کے خصوصی دستے کی ڈرل نے حاضرین کے دِل گرمائے اورداد و ستائش وصول کی۔

(جاری ہے)

اِس موقع پر ایوب اسٹیڈیم میں فوج سے متعلق مختلف شعبہ جات جس میں انفنٹری، آرٹلری، آرمر، ائیر ڈیفنس ، انجینئرز ، سگنلز ، پاکستان ائیرفورس اور پاکستان نیوی شامل ہیں کے اسٹال لگائے گئے تھے اور نمائش میں پاک آرمی میں بھرتی سے متعلق معلوماتی ڈیسک بھی قائم کئے گئے تھے، عسکری نمائش کا مقصد نا صرف عوام کو مُسلح افواج کی پیشہ وارانہ قوت سے متعلق آگاہ کرنا تھا بلکہ ان میں عزم، حوصلہ، حُب الوطنی اور ملکی یکجہتی کے جذبات کو مزید اجاگر کرنا تھا تاکہ ان کی توقعات کو مزید تقویت ملے کے دفاع پاکستان ناصرف مضبوط ہاتھوں میں ہے بلکہ اللہ کے فضل و کرم سے ناقابل ِتسخیر ہے،یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ صوبائی دارالحکومت کے تمام راستوں پر شہریوں کی کیثر تعداد ایوب اسٹیڈیم کی طرف رواں دواں تھی جو یوم پاکستان شایان شان طور پر منانے کیلئے وہاں پہنچے ،شہر بھر کی طرح کنٹونمنٹ کے ایریا میں بھی یوم پاکستان کی صبح کا آغاز 21توپو ں کی سلامی اور مساجد میں قرآن خوانی اور مُلک کی سلامتی ، ترقی اور یکجہتی کیلئے خصوصی دُعاؤں سے ہوا اور تمام اہم فوجی عمارات اور ہیڈکوارٹرز پر قومی پرچم لہرایا گیا۔