اسلام آباد میں 31 ‘ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے یوم پاکستان کی صبح کا آغاز ‘ افواج کی پریڈ

بدھ 23 مارچ 2016 13:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2016ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم پاکستان کے موقع پر روایتی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں مسلح افواج کے دستوں نے شاندار کار کر دگی اور پاک فضائیہ کے طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کر کے پاکستانی عوام کے دل موہ لئے ‘ ایف 16، جے ایف 17 تھنڈرطیاروں نے شاندار فضائی مظاہرے کئے ‘ طیاروں کو فضاء میں خوبصورت رنگ بکھیر تے ‘دائروں میں گھومتے، الٹی پروازوں، ورٹیکل رول بناتے اور تھنڈر ٹرن سمیت مختلف حیرت انگیز کرتبوں کا مظاہرہ کرتے دیکھ کرپریڈ ایونیو اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھا ‘ پاکستان آرمی کے سپیشل سروسز گروپ اور پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے کمانڈوز نے 10ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا شاندار مظاہرہ کر کے صدر مملکت کو سلامی دی ‘کسی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی ‘ سڑکوں اور عمارتوں پر اضافی اہلکار تعینات کئے گئے ‘ موبائل سروس کئی گھنٹے بند رہی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بدھ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 23مارچ یوم پاکستان کی صبح کا آغاز31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے کیا گیااور پورے ملک میں یوم پاکستان منانے کا آغازنماز فجر میں ملک کی ترقی کیلئے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا جس کے بعد یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت سالام آبا د میں شاندار رویتی پریڈ کا انعقاد کیا گیا ‘ مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کی تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین تھے ‘ وزیراعظم محمد نواز شریف، وزیردفاع خواجہ محمد آصف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ کے علاوہ غیر ملکی مندوبین، سفارتکاروں، ہائی کمشنروں اور وفاقی اور صوبائی وزراء اور ارکان پارلیمان کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

صدر مملکت ممنون حسین بگھی پرسوار ہوکر پریذیڈنٹ باڈی گارڈز کے ہمراہ تقریب میں پہنچے جن کی آمد کا بگل بجااعلان کیا گیا ‘ سلامی کے چبوترے پر موجود وزیراعظم نواز شریف، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف، بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان نے صدر مملکت کا استقبال کیا جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔

صدر مملکت نے پریڈ کمانڈر کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا جس کے بعد پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا جس میں جے ایف 17 تھنڈر اور ایف 16 ، میراج، پی تھری سی اورین، ایف سیون، پی جی سیون، قراقرم ایگل، سیپ 2000، کے ای تھری اواکس سمیت مختلف جنگی اور لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا۔ فضائی مارچ پاسٹ کی قیادت پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کی۔

پاک فضائیہ اور بحریہ کے طیاروں نے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرتے ہوئے صدر مملکت کو سلامی دی۔پریڈ میں 12نادرن لائٹ انفنٹری، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، فرنٹیئر کور، پاکستان رینجرز پنجاب، پاکستان پولیس، پاکستان آرمی کی لیڈیز آفیسرز، گرلز گائیڈ اور اسکاؤٹس کے دستوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔ پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کے دستے نے مخصوص انداز میں پریڈ کرتے ہوئے صدر مملکت کو سلامی دی۔

آرمڈکور کا دستہ جو الخالد ٹینک، ٹی اے ٹی یو ڈی ٹینک، الضرار ٹینکوں پر مشتمل تھا۔ آرٹلری کے بکتر بند، اے پی سیز، آرمی ایئر ڈیفنس، میزائل اور ٹریکنگ ریڈار سسٹم سے لیس ایف ایم 90 ، کور آف انجینئرنگ، کور آف سگنل کے دستوں نے بھی صدر مملکت کو سلامی دی۔ تقریب میں پاکستان کے جدید ترین نصر میزائل سسٹم، بابر کروز مزائل سسٹم، شاہین I، شاہین IIمیزائل سسٹم، بغیر پائلٹ طیارے، براق سمیت دفاعی سامان حرب کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

آرمی ایوی ایشن اور بحریہ ایوی ایشن کے 15کوبرا، ایم آئی 17، پیونک ہیلی کاپٹروں پر مشتمل دستوں نے بھی تین سو فٹ کی بلندی پر پرواز کرتے ہوئے شاندار فضائی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ پریڈ میں ایف 16، جے ایف 17 تھنڈرطیاروں نے شاندار فضائی مظاہرے کئے۔ فضاء میں خوبصورت رنگ بکھیرتے اور طیاروں کو آواز سے دوگنی اور کم ترین رفتار سے دائروں میں گھومتے، الٹی پروازوں، ورٹیکل رول بناتے اور تھنڈر ٹرن سمیت مختلف حیرت انگیز کرتبوں کا مظاہرہ کرتے دیکھ کرپریڈ ایونیو اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھا۔

پریڈ کی تقریب پاکستان آرمی کے سپیشل سروسز گروپ اور پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے کمانڈوز کا 10ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا شاندار مظاہرہ کیا ‘تینوں مسلح افواج کے پیرا شوٹرز میجر جنرل طاہر مسعود بھٹہ کی قیادت میں یکے بعد دیگرے سلامی کے چبوترے کے سامنے اترے صدر مملکت نے فرداً فرداً تمام پیرا شوٹرز سے مصافحہ کیا۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے خصوصی فلوٹس نے صدر کو سلامی پیش کی۔

پاک بحریہ کے ہوور کرافٹ اور پاکستان رینجرز پنجاب کے اونٹوں پر سوار دستے نے صدر مملکت کو سلامی پیش کی۔تقریب کے اختتام پربچوں نے قومی ملی نغمے پیش کئے اسموقع پر صدر مملکت ممنون حسین اوروزیراعظم محمد نوازشریف بچوں میں گھل مل گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔ دوسری جانب صبح سے ہی پاک فوج ‘ینجرز کے دستے تعینات کئے گئے شہریوں کی آسانی کیلئے اسلام آباد اور راولپنڈی کے جڑواں شہروں کیلئے کا ٹریفک پلان جاری کردیا گیا جس کے تحت دن ایک بجے تک اسلام آباد اور راولپنڈی میں بڑی گاڑیوں کا داخلہ بند رہا ‘راول ڈیم چوک سے فیض آباد انٹر چینج تک تین بجے سہ پہر تک ٹریفک بند رہی ایکسپریس ہائی وے پر اسلام آباد کی طرف آنے والی ٹریفک میزائل چوک سے کھنہ پل کیپٹن نعیم فیصل شہیدروڈ اورراول ڈیم چوک کی طرف موڑدی گئی ‘آئی جے پی روڈ پر ٹریفک فیض آباد سے نائنتھ ایونیواورکشمیرہائی وے کی طرف موڑدی گئی ‘ مری روڈ پر اسلام آباد آنے والی ٹریفک سٹیڈیم روڈ سے نائنتھ ایونیو اورکشمیر ہائی وے کی طرف موڑ دی گئی ۔