اسلام آباد میں بدھ کویوم پاکستان کے موقع پر یوم پاکستان کی شاندار فوجی پریڈ منعقد

بدھ 23 مارچ 2016 12:42

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 مارچ۔2016ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بدھ کویوم پاکستان کے موقع پر یوم پاکستان کی شاندار فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کی مسلح افواج کے دستوں نے شاندار فوجی پریڈ جبکہ پاک فضائیہ کے طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ یوم پاکستان پر مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کی تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین تھے جبکہ وزیراعظم محمد نواز شریف، وزیردفاع خواجہ محمد آصف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ کے علاوہ غیر ملکی مندوبین، سفارتکاروں، ہائی کمشنروں اور وفاقی اور صوبائی وزراء اور ارکان پارلیمان کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین جو تقریب کے مہمان خصوصی تھے، کی آمد کا بگل بجھا کر اعلان کیا گیا جو بگی میں سوار ہوکر پریذیڈنٹ باڈی گارڈز کے ہمراہ تقریب میں پہنچے۔ سلامی کے چبوترے پر وزیراعظم محمد نواز شریف، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف، بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان نے صدر مملکت کا استقبال کیا جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔

صدر مملکت نے پریڈ کمانڈر کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا جس کے بعد پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے طیاروں کا شاندار فلائی پاسٹ ہوا جس میں جے ایف 17 تھنڈر اور ایف 16 ، میراج، پی تھری سی اورین، ایف سیون، پی جی سیون، قراقرم ایگل، سیپ 2000، کے ای تھری اواکس سمیت مختلف جنگی اور لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا۔ فضائی مارچ پاسٹ کی قیادت پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کی۔

پاک فضائیہ اور بحریہ کے طیاروں نے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرتے ہوئے صدر مملکت کو سلامی دی۔پریڈ میں 12نادرن لائٹ انفنٹری، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، فرنٹیئر کور، پاکستان رینجرز پنجاب، پاکستان پولیس، پاکستان آرمی کی لیڈیز آفیسرز، گرلز گائیڈ اور اسکاؤٹس کے دستوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔ پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کے دستے نے بھی اپنے مخصوص انداز میں پریڈ کرتے ہوئے صدر مملکت کو سلامی دی۔

آرمڈکور کا دستہ جو الخالد ٹینک، ٹی اے ٹی یو ڈی ٹینک، الضرار ٹینکوں پر مشتمل تھا۔ آرٹلری کے بکتر بند، اے پی سیز، آرمی ایئر ڈیفنس، میزائل اور ٹریکنگ ریڈار سسٹم سے لیس ایف ایم 90 ، کور آف انجینئرنگ، کور آف سگنل کے دستوں نے بھی صدر مملکت کو سلامی دی۔ تقریب میں پاکستان کے جدید ترین نصر میزائل سسٹم، بابر کروز مزائل سسٹم، شاہین I، شاہین IIمیزائل سسٹم، بغیر پائلٹ طیارے شہپر، براق سمیت دفاعی سامان حرب کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

آرمی ایوی ایشن اور بحریہ ایوی ایشن کے 15کوبرا، ایم آئی 17، پیونک ہیلی کاپٹروں پر مشتمل دستوں نے بھی تین سو فٹ کی بلندی پر پرواز کرتے ہوئے شاندار فضائی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ پریڈ میں ایف 16، جے ایف 17 تھنڈرطیاروں نے شاندار فضائی مظاہرے پیش کئے۔ فضاء میں خوبصورت رنگ بکھیرتے اور طیاروں کو آواز سے دوگنی اور کم ترین رفتار سے دائروں میں گھومتے، الٹی پروازوں، ورٹیکل رول بناتے اور تھنڈر ٹرن سمیت مختلف حیرت انگیز کرتب کا مظاہرہ کرتے طیاروں کو شہریوں کی خوب داد ملی۔

پاک فضائیہ کے طیاروں کے شاندار مظاہرہ کو دیکھنے کے لئے نوجوانوں، بچوں، بوڑھوں اور خواتین کی بڑی تعداد پریڈ گراؤنڈ کے اطراف سمیت جڑواں شہروں میں شہریوں نے گھروں کی چھتوں پر کھڑے ہو کر فضائی مظاہرے دیکھے۔ پریڈ کی تقریب کا ایک اور شاندار مظاہرہ پاکستان آرمی کے سپیشل سروسز گروپ اور پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے کمانڈوز کا 10ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا مظاہرہ تھا۔

تینوں مسلح افواج کے پیرا شوٹرز میجر جنرل طاہر مسعود بھٹہ کی قیادت میں یکے بعد دیگرے سلامی کے چبوترے کے سامنے اترے صدر مملکت نے فرداً فرداً تمام پیرا شوٹرز سے مصافحہ کیا۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے خصوصی فلوٹس نے بھی صدر کو سلامی پیش کی۔پاک بحریہ کے ہوور کرافٹ اور پاکستان رینجرز پنجاب کے اونٹوں پر سوار دستے نے بھی صدر کو سلامی پیش کی۔تقریب کے اختتام پربچوں نے قومی ملی نغمے پیش کئے ‘ صدر مملکت ممنون حسین اوروزیراعظم محمد نوازشریف بچوں میں گھل مل گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔