یوم پاکستان… گورنر سندھ عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ کی کی مزار قائد پر حاضری

بدھ 23 مارچ 2016 12:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2016ء) یوم پاکستان کے موقع پر کراچی میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلی قائم علی شاہ سمیت صوبائی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام نے قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔کراچی میں یوم پاکستان کاآغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، مساجد میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اس موقع پر وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ اور گورنر عشرت العباد نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر سینئروزیر نثار کھوڑو، منظور وسان، کمشنر کراچی اور شرمیلا فاروقی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے مزار پر پھول چڑھائے،فاتحہ خوانی کی اور برصغیر کے عظیم قائد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ آج کا دن تاریخی ہے گزشتہ سال اور اس سال کی 23 مارچ میں بہت فرق ہے، وفاق اور صوبائی حکو متوں کی دہشتگردی کے خلاف جدو جہد جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کی بحالی سے ملک میں بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔گورنر سندھ نے کراچی میں کے 4 منصوبے اور لیاری ایکسپرس وے پر وزیر اعلیٰ سندھ کا شکر یہ ادا بھی کیا۔اس موقع پر وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف آرمی چیف کی کوششوں کو سراہتے ہیں قانون نافذ کرنیو الے اداروں نے بہت سی قربانیاں دی ہیں۔