یوم پاکستان کے موقع پر اس عہد کی تجدید کی جائے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے مل کر جدو جہد کریں گے،راجہ جاوید اخلاص

منگل 22 مارچ 2016 21:47

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 مارچ۔2016ء ) رکن قومی اسمبلی راجہ جاوید اخلاص نے کہا ہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر اس عہد کی تجدید کی جائے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے مل جل کر جدو جہد کریں گے اور تمام تعصبات کو پس پردہ ڈال کر بھائی چارے کو فروغ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ 23مارچ کا دن تخلیق پاکستان کے حوالے سے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطہ پاکستان ہمارے اسلاف نے انتہائی جدو جہد اور جانی و مالی قربانیاں دے کر حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر عمل کر کے ہم پاکستان کو ایک عظیم ملک بنا سکتے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہاریوم پاکستان کے سلسلے میں راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقدہ تحریک پاکستان کے حوالے اور قومی ہیروز پر مبنی عکسی تصاویری نمائش کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ریذیڈنٹ ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد، سابقہ ریذیڈنٹ ڈائریکٹر میڈم ناہید منظور ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سجاد احمد کے علاوہ دیگر نامور مصوروں اور شہریوں کی بڑی تعداداس موقع پر موجود تھی۔راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ گزشتہ سال سے 23مارچ کی تقریبات کا دوبارہ سلسلہ شروع ہو چکا ہے ۔اور 23مارچ کا دن بھر پور شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے جو تمام دنیا کے لئے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے متفق ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی صر ف پاکستان ہی کا نہیں مسئلہ نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے دنیا میں کہیں بھی دہشتگردی ہو پاکستان اس کی سختی سے مذمت کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صرف چند بھٹکے ہوئے لوگوں کے رویے کے باعث دنیا میں اسلام اور پاکستان کا نام بدنام ہو رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کو کسی بھی صورت دہشتگردی کے لئے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور حکومت اپنے اقتدار سے ایک دن بھی ضائع کئے بغیر ملک کی ترقی اور عوام کی بہتری کے لئے پوری طرح کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018تک ملک سے تعلیم ، صحت ، انرجی سمیت دیگر مسائل کا بھی خاتمہ کر لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :