برسلز دھماکوں کے بعد برطانیہ میں سکیورٹی انتہائی چوکس،ائیرپورٹ ،میٹرواسٹیشنز پر ریڈالرٹ

وزیراعظم کیمرون نے دھماکوں کے بعد سکیورٹی اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بنائی گئی خصوصی کمیٹی کوبرا کا اجلاس طلب کر لیا ،برطانیہ اوربلجیم کے درمیان تمام پروازیں معطل،مسافروں کو آگاہ کردیاگیا

منگل 22 مارچ 2016 19:48

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 مارچ۔2016ء) برسلز میں منگل کی صبح دھماکوں میں کے بعد برطانیہ میں بھی اہم مقامات پر سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزیر اعظم ڈیویڈ کیمرون نے دھماکوں کے بعد سکیورٹی اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بنائی گئی خصوصی کمیٹی کوبرا کا اجلاس طلب کر لیا ۔

برطانوی دفتر خارجہ نے برسلز میں موجود برطانوی شہریوں کے لیے جاری ہونے والی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ وہ ہجوم سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ایک ٹیلی فون نمبر 020 7008 0000.پر مطلع کرنے کو کہا گیا ہے۔لندن کے ہیتھرو اور گیٹوک ہوائی اڈوں پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور برسلز اور لندن کے درمیان پروازیں بھی معطل ہو گئی ہیں۔

(جاری ہے)

برسلز کے ہوائی اڈے سے جاری ہونے والے ایک اعلان میں کہا گیا ہ یکہ تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں اور مسافروں کو اپنی متعلقہ ہ فضائی کمپنیوں سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون جنھوں نے کوبرا کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’میں شدید صدمے اور تشویش میں مبتلا ہوں۔ ہم مدد کرنے کے لیے سب کچھ کرنے کو تیار ہیں۔برطانیہ میں انسداد دہشت گردی کے اعلی ترین آفیسر مارک رولی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد میں کسی خاص اطلاع کی بنا پر نہیں کیا گیا بلکہ یہ عمومی احتیاط کے مد نظر کیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ لندن میں میٹرو پولیٹن پولیس نے اہم عوامی مقامات کی نگرانی بڑھا دی ہے اور ان جگہوں پر گشت کرنے والے اہلکاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ان کے دل برسلز کے عوام اور خاص طور پر ان حملوں کا نشانہ بننے والوں کے ساتھ ہیں۔برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں بھی پولیس کو چوکس کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :