ملکی ترقی و استحکام کا راز جمہوریت میں ہی ہے ٗ رواداری اور برداشت کے جذبے کو فروغ دیا جائے ٗصدر ٗ وزیر اعظم

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اختلافات کے خاتمے ٗبھائی چارے کے فروغ اور برداشت کی اعلیٰ اقدارکو فروغ دیکر ہی کامیاب ہو سکتے ہیں ٗاپنی سرزمین وطن سے جلد ہی دہشتگردی اور شدت پسندی کا مکمل خاتمہ کردینگے ٗممنون حسین اورنواز شریف کا یوم پاکستان کے موقع پر خطاب

منگل 22 مارچ 2016 19:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 مارچ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی و استحکام کا راز جمہوریت میں ہی ہے ٗ جمہوریت کی اصل روح کے مطابق رواداری اور برداشت کے جذبے کو فروغ دیا جائے ٗ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اختلافات کے خاتمے ٗبھائی چارے کے فروغ اور برداشت کی اعلیٰ اقدارکو فروغ دیکر ہی کامیاب ہو سکتے ہیں ٗاپنی سرزمین وطن سے جلد ہی دہشتگردی اور شدت پسندی کا مکمل خاتمہ کردینگے۔

یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہاکہ 23 مارچ کا دن ہمارے لیے تجدید عہد کی حیثیت رکھتا ہے تاکہ مساوات اور عدل کے زریں اسلامی اصولوں کی روشنی میں عزیز وطن کی تعمیر و ترقی کا عزم نو کیا جا سکے جو قیام پاکستان کا اصل مقصد ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ہم بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور تحریک آزادی کے دیگر عظیم قائدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنھوں نے اپنے اخلاص، تدبر اور بے مثال قربانیوں سے قوم کو متحد کرکے حصول پاکستان کی منزل آسان بنادقومی زندگی کے اس اہم موقع پر میں آپ کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کا قیام ایک طویل جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں ممکن ہوا اور اب اس کی ترقی اور استحکام کا راز بھی جمہوریت ہی میں پوشیدہ ہے لہٰذاضروری ہے کہ رواداری اور برداشت کے جذبے کو فروغ دیا جائے جو جمہوریت کی اصل روح ہے کیوں کہ قوم کو اس وقت انتہا پسندی اور دہشت گردی کے جن چیلنجوں کا سامنا ہے، اُن کا مقابلہ اس کے بغیر ممکن نہیں۔

انہوں نے کہاکہ یہ ایک تکلیف دہ حقیقت ہے کہ دہشت گردی نے پاکستانی معاشرے کے تمام طبقات کو متاثر کیا ہے۔ دہشت گردوں نے تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات حتیٰ کہ عبادت گاہوں کو بھی معاف نہیں کیا جس سے ان کے منفی اور تخریبی عزائم کا اظہار ہوتا ہے۔ مجھے اطمینان ہے کہ اس عفریت کے مقابلے میں پاکستانی قوم یک جان ہے اور اس نے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کا عہد کر رکھا ہے۔

ہم اس جنگ میں اختلافات کے خاتمے، بھائی چارے کے فروغ اور برداشت کی اعلیٰ اقدارکو فروغ دے کر ہی کامیاب ہو سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں تعلیم عام کی جائے اور ترقی کے ثمرات سے ہر پاکستانی فائدہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہاکہ میں دعا کرتا ہوں کہ اﷲ تعالیٰ ہمیں خلوص نیت کے ساتھ اپنے وطن کی خدمت کا جذبہ عطا فرمائے تاکہ ہم اپنے جلیل القدر بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنا دیں۔

وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستانی قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی پر جوش قیادت کے تحت 23مارچ1940ء کو منظور کی جانیوالی قرارداد پاکستان کی 76ویں سالگرہ منار ہی ہے اس قرارداد نے ہماری تاریخ کا رُخ ہی بدل ڈالا ۔شدید ترین مشکلات اور بھرپور مخالفت کے باوجود آزاد ملک پاکستان کی شکل میں اس خُواب کو تعبیر مل گئی ۔اس وقت ایسی ریاست کیلئے جدو جہد کی گئی جہاں پر ہم اپنے مذہبی عقائد اور ثقافتی اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں ۔

آج ہم نے اپنی نسلوں کے مستقبل کیلئے ملک کے تحفظ اور حفاظت کا عزم کررکھا ہے ۔اس قرارداد نے قوم کو قوت اورجِلا بخشی۔ آزادی کی خاطر لاکھوں افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور جلد ہی پاکستان حقیقت کا روپ دھار گیا۔آج ہمیں دہشتگردی اور شدت پسندی کی شکل میں بے مثال خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے تاہم، ہم نے ان خطرات کو شکست دینے کا پختہ عزم کررکھا ہے اورہم اپنی سرزمین وطن سے جلد ہی دہشتگردی اور شدت پسندی کا مکمل خاتمہ کردینگے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ اس موقع پر ہم آزادی ،برابری اور پاکستان میں ہر شہری کیلئے اسلامی تعلیمات کے مطابق سماجی انصاف کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔ہماری حکومت نے پاکستان میں رہنے والی اقلیتوں کے تحفظ اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے تاریخی اقدامات شروع کیے ہیں اور ہماری تمام تر کوششوں کا مقصد معاشرے کے پِسے اور پسماندہ طبقات کو مرکزی دھارے میں لانا ہے کیونکہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان کا ہر شہری ہمارے لیے برابر ہے ٗآئیں ہم پاکستان کو ہر پاکستانی شہری کیلئے مساوی مواقع فراہم کرنیوالا ملک بنانے کا عزم کریں جہاں ہر مردو عورت ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اجتماعی طور پر کام کرے۔

پاکستان کا تصور ایک ایسی ریاست کیلئے تھا کہ جہاں پرلوگ بلا خوف و خطر اپنے مذہب پر آزادانہ طور پر عمل کرسکیں ۔میں پر امید ہوں کہ کثرتیت ،برابری اور انصاف پر مبنی ہماری اجتماعی کوششیں پاکستان کو ایک ایسی ریاست بنادینگی جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے دیکھا تھا ۔نواز شریف نے کہاکہ اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں قائد اعظم ؒ اور تحریک پاکستان کے عظیم راہنماؤں کی اس عظیم میراث کا حقیقی وارث ثابت ہونے میں ہماری مدد فرمائے ۔