پاکستان اور بھارت کی جانب سے کشیدگی میں کمی ، اہم تنازعات کے حل کے لئے اٹھائے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں،امریکی ترجمان

منگل 22 مارچ 2016 12:03

واشنگٹن ۔ 22 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 مارچ۔2016ء) امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی جانب سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں کمی اور اہم تنازعات کے حل کے لئے اٹھائے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے پاک بھارت تنازعات کے حل کے لئے دونوں ملکوں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ دونوں ممالک تنازعات کے حل کے لئے مستقبل میں بھی بات چیت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت پاکستان کی جوہری سربراہ اجلاس میں شمولیت کی منتظر ہے تاکہ پاکستان کو درپیش نیوکلئیر سیکیورٹی جیسے مسائل پر مذاکرات کے سلسلے کو آگے بڑھایا جائے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی حکومت نے کہا تھا کہ امریکا کو پاکستان کی جوہری سیکیورٹی پر مکمل اعتماد ہے اور پاکستان اپنی زمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ امریکا میں جوہری سیکیورٹی اجلاس 31 مارچ سے شروع ہو رہا ہے جس میں وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف شرکت کریں گے، امریکا کی جانب سے پہلا جوہری سیکیورٹی اجلاس 2010 میں امریکا میں منعقد کیا گیا تھا جس کے بعد 2012 میں سیئول اور2014 میں ہیگ میں اجلاس منعقد ہوئے ،ہیگ میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے شرکت کی تھی۔

متعلقہ عنوان :