پیرس حملوں کے مشتبہ حملہ آور کے ایک اور ساتھی کی شناخت ہو گئی

پیر 21 مارچ 2016 22:24

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 مارچ۔2016ء) پیرس حملوں کے مشتبہ حملہ آور صالح عبدالسلام کے ایک اور ساتھی کی شناخت ہو گئی،حکام کا کہنا ہے کہ 24 سالہ شخص کا نام نجیم لاشاروئی ہے جو ابھی تک مفرور ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیرس حملوں کے مشتبہ حملہ آور صالح عبدالسلام کے ایک اور ساتھی کی شناخت ہو گئی ہے ۔ یلجیئم میں استغاثہ کا کہنا ہے کہ ڈی این اے کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ پیرس حملوں کے مشتبہ حملہ آور صالح عبدالسلام کے ساتھ ایک اور شخص بھی تھا۔

یہ شخص جعلی شناختی کارڈ استعمال کر رہا ہے اور اس کا ڈی این اے اس فلیٹ سے برآمد کیا گیا ہے جو شدت پسند استعمال کر رہے تھے۔ حکام کے مطابق گذشتہ برس ستمبر میں صالح عبدالسلام دو مرتبہ ہنگری گئے جس کے لیے اس نے کرائے کی گاڑی استعمال کی تھی۔

(جاری ہے)

کار میں صالح کے علاوہ دو اور افراد بھی سوار تھے جو جعلی شناختی کارڈ استعمال کر رہے تھے۔ ان میں سے ایک سفیان کایل کی شناخت ہو گئی ہے جس کا اصل نام نجیم لاشاروئی ہے۔

دریں اثناء صالح عبدالسلام کے وکیل نے ان کی گرفتاری کے بعد سے ذرائع ابلاغ میں آنے والی ان خبروں کی تردید کی ہے کہ حکام کی جانب سے نرم رویے کے عوض صالح عبدالسلام اقبالی گواہ بن جائیں گے۔اتوار کو بیلجیئم کے وزیرِ خارجہ نے کہا تھا کہ ملزم صالح عبدالسلام گرفتاری سے قبل بیلجیئم کے شہر برسلز میں حملہ کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔وزیرِ خارجہ دیدیے رائندرس نے خارجہ پالیسی کے ایک فورم کو بتایا تھا کہ شہر سے بہت سا اسلحہ برآمد کیا گیا ہے اور ایک نئے دہشت گردہ گروہ کا بھی سراغ لگایا ہے۔پیرس حملوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے قبول کی تھی اور ان میں 130 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔