بھارتی تحقیقاتی ادارے نے پٹھانکوٹ ائیربیس پر حملے کے دوران مارے جانے والے دہشتگردوں کی تصاویر جاری کردیں

امید ہے پاکستانی حکام کی جانب سے چاروں دہشتگردوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل ہوسکیں گی،این آئی اے

پیر 21 مارچ 2016 22:21

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 مارچ۔2016ء )بھارتی تحقیقاتی ادارے (این آئی اے ) نے پٹھانکوٹ ائیربیس پر حملے کے دوران مارے جانے والے دہشتگردوں کی تصاویر جاری کردیں۔بھارتی میڈیاکے مطابق قومی تحقیقاتی ادارے (این آئی اے ) نے پاکستانی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی آمد سے ایک ہفتہ قبل پٹھانکوٹ ائیربیس پر حملے کے دوران مارے جانے والے4 دہشتگردوں کی تصاویر جاری کردی ہیں۔

این آئی اے نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی حکام کی جانب سے چاروں دہشتگردوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل ہوسکیں گی ۔جاری کی گئی تصاویر کے ہمراہ مارے جانے والے دہشتگردوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے اور اس بارے میں کوئی بھی معلومات سپریٹنڈنٹ آف پولیس نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی نئی دہلی کے دفتر کے پتے پر فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

بھارت کا الزام ہے کہ2 جنوری کو پٹھانکوٹ ائیربیس پر حملے کے دوران مارے جانے والے دہشتگردوں کا تعلق جیش محمد سے ہے ۔پٹھانکوٹ ائیربیس پر حملے کے دوران 7 بھارتی فوجی ہلاک ہوگے تھے جبکہ تین روزہ محاصرے کے دوران جوابی کاروائی میں 6 دہشتگرد بھی مارے گے ۔حملے کے بعد بھارت اور پاکستان نے پٹھانکوٹ ائیربیس حملے کی مشترکہ تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا۔بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے گزشتہ ہفتے کہا تھاکہ پاکستانی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے 27مارچ کو بھارت پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جس کے اگلے روز سے تحقیقات کا آغاز کردیاجائے گا۔